Dawn News Television

اپ ڈیٹ 24 نومبر 2014 09:18am

کراچی:اےاین پی عہدیدارقتل،وزیراعلی ہاؤس پردھرنا

کراچی: سندھ کے سب سے بڑے شہر کراچی میں فائرنگ کر کے عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے ضلعی صدر کو قتل کر دیا گیا۔

ڈان نیوز کے مطابق اورنگی ٹاؤن 4نمبر کے قریب ملزمان کی فائرنگ سے عوامی نیشنل پارٹی کے ضلعی صدر ڈاکٹر ضیاء الدین ہلاک ہوئے۔

اے این پی نے واقعے کے خلاف وزیراعلی ہاوس کے سامنے دھرنا دیا۔

اس موقع پر اے این پی کے کارکنوں کی جانب سے قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا گیا۔

پولیس کی جانب سے وزیر اعلیٰ ہاؤس جانے اور والے راستے بند کر دیے گئے جبکہ اضافی نفری بھی تعینات کر دی گئی۔

پولیس حکام کی جانب سے اے این پی کے احتجاج کرنے والے کارکنوں سے مذاکرات کرنے کی کوشش کی گئی مگر انہوں نے کسی بھی قسم کی بات چیت سے انکار کر دیا۔

دوسری جانب عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی خان نے ڈاکٹر ضیاء الدین کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جماعت ورکرز کی ٹارگٹ کلنگ پر مزید خاموش نہیں رہے گی۔

مذمتی بیان میں اسفندیار ولی نے کہا کہ حکومت عوام کو تحفظ دینے میں ناکام ہو چکی ہے۔

علاوہ ازیں متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے واقعہ کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہر کا امن مزید خراب کرنے کی سازش کی جا رہی ہے۔

Read Comments