Dawn News Television

شائع 25 نومبر 2014 04:43pm

کینیا کی کرکٹ ٹیم کی دسمبر میں پاکستان آمد

لاہور: پاکستان میں عالمی کرکٹ کی بحالی کے امکانات روشن ہو چگئے ہیں جہاں کینیا کی ٹیم نے دسمبر میں پاکستان کا دورہ کرنے کی حامی بھر لی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریر خان نے کہا ہے کہ کینیا کی ٹیم پانچ ایک روزہ میچ کھیلنے کے لیے آئندہ ماہ پاکستان کا دورہ کرے گی۔

چیئرمین پی سی بی نے اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم چھوٹی ٹیموں کو پاکستان لانے کی کوششوں میں مصروف ہیں اور ہمارا مقصد غیر ملکی ٹیموں کے دورہ پاکستان کی راہ ہموار کرنا ہے، ہم نے اس پر حکومت سے منظوری بھی لے لی ہے۔

یاد رہے کہ مارچ 2009 میں لاہور میں سری لنکن ٹی پر حملے کے بعد سے کسی بھی غیر ملکی ٹیم نے پاکستان کا دورہ نہیں کیا اور پاکستان کو اپنی تمام ہوم سیریز غیر ملکی سرزمین پر کھیلنی پڑیں۔

اس دوران بنگلہ دیش نے پہلے 2012 اور پھر گزشتہ سال مختصر سیریز کھیلنے کے لیے دورہ پاکستان کی حامی بھری لیکن دونوں ہی مواقعوں پر انہوں نے سیکیورٹی وجوہات کو بنیاد بناتے ہوئے پاکستان آنے سے انکار کردیا۔

اس کے بعد رواں سال ستمبر میں آئرلینڈ کی ٹیم نے محدود اوورز کی سیریز کھیلنے کے لیے پاکستان آنے کی حامی بھری لیکن کراچی ایئرپورٹ پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد انہوں نے بھی آنے سے معذرت کر لی۔

پاکستان کی کرکٹ کی بحالی کا عزم لیے گزشتہ ماہ شہریار خان نے سری لنکا، انڈیا اور بنگلہ دیش کا دورہ کیا تھا جبکہ ساتھ ساتھ گزشتہ سال ایک روزہ ٹیم کے اٹیٹس سے محروم ہونے والی کینیا کی ٹیم کے بورڈ حکام سے بھی گفت شنید کی تھی۔

شہریار خان نے کہا کہ کینیا کی ٹیم کی آمد کے ساتھ ہی ملک میں دیگر عالمی ٹیموں کی آمد کی راہ ہموار ہو گی۔

2009 میں ہونے والے حملے کے بعد کینیا پاکستان کا دورہ کرنے والی دوسری ٹیم ہو گی جہاں اس سے قبل افغانستان نے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ کینیا کی ٹیم گیارہ دسمبر کوپاکستان پہنچے گی جہاں وہ اپنے پانچوں میچز لاہور میں 13، 15، 16، 18 اور 20 دسمبر کو کھیلے گی۔

Read Comments