Dawn News Television

شائع 25 نومبر 2014 08:57pm

'پاکستان میں مغربی جمہوریت نہیں چل سکتی'

سابق فوجی آمر جنرل (ر) پرویز مشرف نے پاکستان میں 'مغربی طرز کی جمہوریت' نہیں چل سکتی۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے پروگرام 'ہارڈ ٹاک' میں بات چیت کے دوران مشرف نے کہا کہ پاکستان میں ماحول اور حالات کی مناسبت سے جمہوریت کو اپنانا ہو گا۔

’آپ اپنی قسم کی جمہوریت ہر جگہ تھوپنا چاہتے ہیں اور یہ قابل عمل نہیں ہے کیونکہ ہر ملک کے اپنے مسائل ہیں اور اپنے حالات ہیں اور ہر ملک کو اپنے حالات کے مطابق چلنا چاہیے۔‘

مشرف نے کہا کہ وہ بذات خود جمہوریت پر بھرپور یقین رکھتے ہیں لیکن ان کی نظر میں یہاں پاکستان میں لندن یا امریکی طرز کی جمہوریت نافذ نہیں ہو سکتی۔

’ہمیں جمہوری ہونا چاہیے۔ ہم جمہوریت میں یقین رکھتے ہیں لیکن ہمیں اسے پاکستانی ماحول کے مطابق ڈھالنا ہوگا۔‘

ان دنوں بغاوت کے الزامات کا سامنا کرنے والے مشرف نے انٹرویو میں دعوی کیا کہ انہیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

’یہاں بدلے کی کارروائی جاری ہے اور مجھے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ مجھے پورا یقین ہے کہ بالآخر حق و انصاف کی جیت ہوگی۔‘

Read Comments