Dawn News Television

شائع 25 نومبر 2014 10:09pm

ہندوستان کےزیرانتظام کشمیرمیں انتخابات،70فیصد ٹرن آوٹ

گاندربل: ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں ریاستی انتخابات کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے جبکہ اس موقع پر سخت سیکورٹی کے ساتھ ووٹ ڈالنے کی شرح بھی 70 فیصد تک بتائی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کی ریاستی اسمبلی کی نشستوں کی تعداد 87 ہے، پہلے مرحلے میں 15 نشستوں پر انتخابات ہوئے ہیں۔

حالیہ ریاستی انتخابات پانچ مرحلوں میں مکمل ہوں گے۔

کشمیر کی 15 نشستوں کے لیے 10 لاکھ سے زائد ووٹرز نے حق رائے دہی کا استعمال کرنا تھا۔

یاد رہے کہ کل جماعتی حریت کانفرنس کی جانب سے انتخابات کے بائیکاٹ کی اپیل بھی کی گئی تھی۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ انتخابات میں پولنگ کی شرح 70 فیصد سے بھی زائد رہی ہے۔

پاکستان اور ہندوستان کی سرحد کے قریب واقع حلقوں میں سخت سردی کے باوجود ووٹ ڈالے گئے، سرحدی علاقے اور لداخ میں بدھ مت کے ماننے والوں کی اکثریت ہے۔

کشمیر میں ریاستی انتخابات کے لیے پہلے مرحلے کی پولنگ میں 15حلقوں میں مختلف جماعتوں کی جانب سے 127 امیدوار کھڑے کئے گئے تھے۔

ووٹرز کے لیے 1900پولنگ اسٹیشن بنائے گئے،انتخابات کے موقع پر ہزاروں سیکورٹی اہلکار بھی تعینات تھے۔

انتخابات کے حتمی نتائج کا اعلان 23دسمبر کو کیا جائے گا۔

ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں 12 سے زائد حریت پسند گروہ آزادی کی مسلح تحاریک چلا رہے ہیں۔

پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد میں ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں ہونے والے انتخابات کے خلاف احتجاجی مظاہرے بھی کیے گئے ہیں۔

Read Comments