بطور ’آل راؤنڈر‘ کھیلنے پر خوش ہوں، حارث سہیل
دبئی: نوجوان بلے باز حارث سہیل نے منگل کے روز اپنی باؤلنگ پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ باؤلنگ میں بھی ٹیم کے لیے سازگار ثابت ہوسکتے ہیں۔
مشکوک باؤلنگ ایکشن کے باعث محمد حفیظ اور سعید اجمل کی معطلی کا شکار پاکستانی ٹیم ان دنوں پانچویں باؤلر کی تلاش میں ہے۔
حارث نے گزشتہ روز ہونے والے میچ میں 10 اوورز میں صرف 39 رنز دیے جبکہ ان کے 85 رنز نے پاکستان کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔
پیر کے روز دبئی میں ہونے والا میچ محمد حفیظ نے بطور بیٹسمین کھیلا تھا جبکہ ٹیم کے لیے باؤلنگ کرنے پر حارث نے خوشی کا اظہار کیا۔
اس سے قبل فرسٹ کلاس کرکٹ میں صرف 68 بالز کروانے والے حارث نے کہا کہ وہ پاکستان کے لیے باؤلنگ کرنے پر بہت خوش ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ وہ روز باؤلنگ کوچ مشتاق احمد، ہیڈ کوچ وقار یونس اور کپتان مصباح الحق کے ساتھ باؤلنگ پر کام کررہے ہیں اور انہوں نے باؤلنگ کرنے پر ان کی بہت حوصلہ افزائی کی۔
پاکستان نے حفیظ اور اجمل کو عالمی کپ کے لیے تیس رکنی اسکواڈ میں شامل کیا ہے تاہم اگر دونوں کھلاڑی کلیئرنس حاصل کرنے میں ناکام رہے تو پاکستان کو ایک اضافی باؤلر کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔
منگل کے روز نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن اور سری لنکا کے سچترا سینانائیکے کو دوبارہ ٹیسٹوں کے بعد کلیئرنس مل چکی ہے۔
دونوں کو رواں سال جولائی میں مشکوک ایکشنز کے بعد عالمی کرکٹ میں باؤلنگ کرنے پر پابندی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
حارث نے کہا کہ یقین ہے کہ ان کی کارکردگی کے باعث ان کی ٹیم میں جگہ پکی ہوسکے گی۔
حارث اور شاہد آفریدی کے درمیان شراکت نے گزشتہ روز کے میچ میں پاکستانی کم بیک میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
سیریز کے اگلے دو میچ شارجہ (12 اور 14 دسمبر) جبکہ اس کے بعد بقیہ میچز ابو ظہبی (17 اور 19 دسمبر) میں کھیلے جائیں گے۔