Dawn News Television

اپ ڈیٹ 10 دسمبر 2014 10:15am

عوامی تحریک کا ملک گیراحتجاج کا اعلان

لاہور: پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے چھ ماہ مکمل ہونے پر 17 دسمبر کو ملک گیر احتجاج کا اعلان کیا ہے۔

عوامی تحریک کی جانب سے جاری ہونے والی ایک پریس ریلیزکے مطابق سترہ دسمبر کو ماڈل ٹاؤن واقعے کی تفتیش میں تاخیر کے خلاف ریلیاں نکالی جائیں گی اور احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔

پریس ریلیز میں تمام اتحادی جماعتوں کو احتجاج میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان بھی اُسی دن کیا جائے گا۔

احتجاج کا فیصلہ پارٹی چیئرمین ڈاکٹر طاہر القادری کی ہدایات پر ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا۔

اجلاس کی صدارت سینیئر رہنما زاہد فیاض نے کی جبکہ ضلعی صدور اور جنرل سیکریٹریز سمیت پورے ملک سے عوامی تحریک کے رہنما اجلاس میں شریک ہوئے اور 17 دسمبر کو یومِ احتجاج کے طور پر منانے کا اعلان کیا۔

عوامی تحریک کے جنرل سیکریٹری خرم نواز گنڈا پور کا کہنا تھا کہ جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) کے نام پر انصاف کو پسِ پشت ڈال دیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت، سانحہ ماڈل ٹاؤن کے سلسلے میں عوامی تحریک کے ساتھ ہونے والے تمام وعدوں سے پیچھے ہٹ گئی ہے۔

خرم نواز کے مطابق ہم نے سندھ کے پولیس ۤافسر کے نام پر اتفاق کیا تھا، لیکن دو دن بعد ہی حکومت نے اپنے فیصلے پر عملدرآمد کرنے سے یہ کہہ کر انکار کردیا کہ وزیراعظم نواز شریف اس پولیس افسر سے مطمئن نہیں ہیں۔

انھوں نے دعویٰ کیا کہ اس کے بعد حکومت نے عوامی تحریک سے کوئی رابطہ نہیں کیا اور خود ہی جےآ ۤئی ٹی بنا لی۔


مزید :سانحہ ماڈل ٹاؤن


یاد رہے کہ رواں برس سترہ جون کو لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) کے کارکنوں اور پولیس کے درمیان جھڑپ میں پی اے ٹی کے متعدد کارکن ہلاک اور زخمی ہوگئے تھے۔

جس کے بعد واقعے کی تفتیش کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دی گئی، تاہم عوامی تحریک نے اسے مسترد کردیا تھا۔

Read Comments