پاکستانی نژاد باکسرعامرکی ایک اورکامیابی
لاس ویگاس میں کھیلے گئے نان ٹائٹل ولٹر ویٹ مقابلے میں عامر نے ڈیون الیگزینڈر کو پوائنٹس کی بنیاد پر ہرا دیا۔
لاس اینجلس:پاکستانی نژاد برطانوی باکسرعامر خان نے ایک ولٹر ویٹ مقابلے میں ڈیون الیگزینڈر کو شکست دے دی۔
ہفتہ کی رات لاس ویگاس میں کھیلے گئے 12 راؤنڈز پر مشتمل نان ٹائٹل مقابلے میں خان کو پھرتی اور مضبوطی کی وجہ سے امریکی حریف پر سبقت حاصل رہی۔
28 سالہ خان نے الیگزینڈر پر مسلسل مکے برساتے ہوئے تین ججوں کے کارڈز پر 108-120، 109-119 اور 110-118 سکور حاصل کیا۔
دونوں باکسرز کے درمیان دلچسپ مقابلہ آخری راؤنڈ تک جاری رہا۔ خان نے میچ میں اپنی بہتر ہوتی دفاعی صلاحتیوں کا بھی کامیاب مظاہرہ کیا۔
خان ستمبر، 2012 سے ٹرینر ورجل ہنٹر کے ساتھ کام کر رہے ہیں اور یہ اس ٹیم کی مسلسل چوتھی فتح ہے۔
سوٹو کراس کے خلاف گزشتہ مقابلے میں متاثر کن نظر آنے والے الیگزینڈر کو میچ جیتنے کیلئے ناک آؤٹ کی ضرورت تھی تاہم وہ ایسا کرنے میں ناکام رہے۔