پاکستان کبڈی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں
پاکستان کی خواتین کبڈی ٹیم پہلے ہی انڈیا میں جاری میگا ایونٹ کے سیمی فائنلز میں پہنچ چکی۔
کراچی: پاکستان کبڈی ٹیم انڈیا میں جاری ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئی۔
پاکستان نے پیر کو پٹیالہ میں کھیلے گئے ایک میچ میں کینیڈا کو 35-45 سے شکست دے دی۔
کپتان شفیق احمد چشتی نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کئی کامیاب ریڈ کیے۔ پول 'بی' میں شامل پاکستان کی یہ تیسری مسلسل کامیابی تھی۔
پاکستان نے منگل کو جلال آباد میں سوئیڈن کے ساتھ مقابلہ کرنا ہے۔ یہ میچ اتوار کو طے تھا لیکن بارش کی وجہ سے منسوخ کر دیا گیا۔
پاکستان اپنے آخری پول میچ بدھ کو امرتسر میں ارجنٹینا کے خلاف کھیلے گا۔
یاد رہے کہ پاکستان کی خواتین کبڈی ٹیم پہلے ہی سیمی فائنلز میں پہنچ چکی ہے۔ شیڈول کے مطابق دونوں سیمی فائنل جمعرات کو کھیلے جائیں گے۔