Dawn News Television

شائع 17 دسمبر 2014 08:34pm

سانحہ پشاور: عمران خان کا دھرنا ختم کرنے کا اعلان

اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف 126 روز سے جاری دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

اسلام آباد میں دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز کے واقعے کے بعد موجودہ حالات اس بات کا نقاضہ کرتے ہیں کہ یہ وقت سیاست کا نہیں بلکہ ایک ہونے کا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 'میرا دل تو نہیں تھا کہ میں نواز شریف کی دعوت پر کل جماعتی کانفرنس میں شرکت کروں مگر حالات کی وجہ سے شرکت کی'۔

عمران خان نے کہا کہ انہوں نے نواز شریف کو یقین دلایا ہے کہ وہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حکومت کی مکمل حمایت کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ کانفرنس میں جس کمیٹی کا اعلان کیا گیا اس میں تحریک انصاف کا نمائندہ بھی شامل ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ان کے گذشتہ چار ماہ کے دھرنے نے پوری قوم بالخصوص خواتین جاگ گئی ہیں۔

عمران خان نے بتایا کہ اے پی سی میں کور کمانڈر پشاور نے موجودہ صورتحال اور حقائق سے آگاہ کیا جن نے پتا چلا کہ ان حالات میں ہم سب کو یکجہتی کی ضروت ہے۔

اس موقع پر انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ نواز شریف کمیشن کرنے کے وعدے کو پورا کریں گے اور دھاندلی کی تحقیقات کرائیں گے۔

Read Comments