Dawn News Television

اپ ڈیٹ 19 دسمبر 2014 03:02pm

سندھ حکومت کو نیا ہیلی کاپٹر خریدنے سے روک دیا گیا

کراچی: سپریم کورٹ نے سندھ حکومت کو ایک ارب 60 کروڑ روپے مالیت کا نیا ہیلی کاپٹر خریدنے سے روک دیا ہے۔

نمائندہ ڈان نیوز کے مطابق سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں محمود اختر نقوی کی جانب سے ایک درخواست دائر کی گئی تھی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ سندھ حکومت نے امدادی سرگرمیوں کے نام پرایک ارب 60 کروڑ روپے مالیت کا ہیلی کاپٹرخریدنے کے لیے ایک کمپنی سے معاہدہ کررکھا ہے، جبکہ دو ہیلی کاپٹر صوبائی حکومت کے پاس پہلے سے موجود ہیں۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ دو ہیلی کاپٹرز کی موجودگی میں مزید ایک ہیلی کاپٹر کی خریداری کی ضرورت نہیں ہے۔

درخواست گزار کا کہنا تھا کہ تھر میں بچے غذائی قلت کے باعث مر رہے ہیں اور سندھ حکومت ہیلی کاپٹر خرید رہی ہے، جبکہ معاہدے میں بڑے پیمانے پر کرپشن بھی کی جارہی ہے۔

عدالت نے درخواست گزار کی جانب سے دلائل سننے کے بعد حکومت کو ہیلی کاپٹر خریدنے سے متعلق حکم امتناع جاری کرتے ہوئے معاہدے کی تفصیلات طلب کرلیں۔

Read Comments