Dawn News Television

اپ ڈیٹ 20 دسمبر 2014 07:14pm

کبڈی ورلڈ کپ: ہندوستان نے پاکستان کو شکست دیدی

مینز کبڈی ورلڈکپ کے فائنل میں دلچسپ مقابلے کے بعد ہندوستان نے پاکستان کو 45 کے مقابلے میں 42 پوائنٹس سے ہرادیا۔

یہ ہندوستان کی عالمی کپ مقابلوں میں لگاتار پانچویں فتح ہے جبکہ پاکستان چوتھی مرتبہ فائنل میں شکست کھاچکا ہے۔

پاکستان پورے میچ میں سبقت برقرار رکھے ہوئے تھا تاہم جیسے ہی ہندوستان نے میچ میں سبقت حاصل کی، ریفری نے میچ ختم کرتے ہوئے انڈیا کو فاتح قرار دے دیا۔

بھارتی پنجاب کے شہر سِری مختار صاحب کے گرُو گوبِند سنگھ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ کے بعد پاکستانی کپتان احمد شفیق نے شکست کی وجہ امپائر کے غلط فیصلوں کو قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان اگر ٹورنامنٹ کا انعقاد کرتا ہے تو انصاف کے تقاضے پورے کرے۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستانی انتظامیہ نے پاکستانی کھلاڑیوں سے پانی تک کا نہیں پوچھا۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہندوستان کو ہار تسلیم نہیں تو ٹورنامنٹ کا انعقاد نہ کروائے۔

احمد شفیق کا کہنا تھا کہ مینجمنٹ نے وقت سے پہلے ہی مقابلہ ختم کروادیا اور تھرڈ امپائر بھی دھمکیاں دیتا رہا جس کی کوشش تھی کہ ورلڈ کپ ہندوستان سے باہر نہ جائے۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہندوستان کا یہی رویہ رہا تو پاکستان ورلڈ کپ میں شرکت نہیں کرے گا۔

کوچ راشد پہلوان کا کہنا تھا کہ ان کی نظر میں پاکستان میچ جیتا ہے جبکہ ہندوستان کو دو، تین پوائنٹس غلط دیئے گئے جو سمجھ سے بالاتر ہے۔

Read Comments