Dawn News Television

شائع 21 دسمبر 2014 08:15pm

سانحہ پشاور: باکسرعامر خان کا پاکستان آنے کا اعلان

پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان سانحہ پشاور کے متاثرین کے ساتھ اظہار یکجہتی سے قبل آئندہ چند روز میں پاکستان آئیں گے۔

خیال رہے کہ طالبان دہشت گردوں نے سولہ دسمبر کو پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر حملہ کرکے طالبعلموں سمیت 140 سے زائد افراد کو ہلاک کردیا تھا۔

ڈبلیو بی سی سلور ویلٹرویٹ چیمپئن عامر خان نے اس سے قبل آرمی پبلک اسکول کی دوبارہ تعمیر کے لیے 30 ہزار برطانوی پاﺅنڈز کا عطیہ دینے کا بھی اعلان کیا تھا۔

عامر خان نے کہا کہ میں صرف سچ بولنا چاہتا ہوں اور لوگوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ یہ بہت غلط واقعہ پیش آیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں وہاں جانا اب بہت ضروری ہے، کیونکہ اس سے متعدد افراد تک یہ پیغام جائے گا عامر خان وہاں گیا تھا جس سے ایک فرق پیدا ہوگا، میں ایک بہتر پاکستان چاہتا ہوں۔

عامر خان کے ہاں مئی میں پہلے بچے کی پیدائش ہوئی تھی اور کرسمس سے نئے سال کے آغاز کے درمیان پشاور جانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

باکسنگ چیمپئن کا کہنا تھا کہ اس خبر نے مجھے بہت تکلیف پہنچائی ہے خاص طور پر اپنی بیٹی کو دیکھتے ہوئے مجھے لگ رہا تھا جیسے وہ اسکول گئی ہو اور اسے مار دیا گیا ہو، معصوم بچوں کو بلاوجہ قتل کرنے والے افراد انتہائی سنگدل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کے واقعے کو دیکھنا یا اس کے بارے میں سننا بہت تکلیف دہ ہوتا ہے آپ کے تصور میں بھی نہیں ہوتا کہ ایسے لوگ ذہنی طور پر کتنے بیمار ہیں۔

Read Comments