Dawn News Television

اپ ڈیٹ 04 جنوری 2015 10:16pm

سلمان تاثیر کی برسی کی تقریب پر نامعلوم افراد کا حملہ

لاہور: سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کی لاہور میں منعقدہ برسی کی چوتھی تقریب میں نامعلوم افراد نے حملہ کر کے شرکا کو تشدد کا نشانہ بنایا۔

پولیس کے مطابق اتوار کو سابق گورنر پنجاب کی چوتھی برسی کے موقع پر سول سوسائٹی کی جانب سے سلمان تاثیر کی یاد میں شعمیں روشن کرنے کی تقریب لبرٹی گول چکر میں منعقد کی گئی۔

تقریب جاری تھی کہ نامعلوم افراد نے حملہ کر کے تقریب میں شریک افراد کو تشدد کا نشانہ بنایا اور سلمان تاثیر کے پوسٹر بھی پھاڑ دیے۔

اس دوران موقع پر موجود افراد کو تشدد سے بچنے کے لیے وہاں سے بھاگنا پڑا جبکہ نامعلوم افراد نے موقع پر موجود میڈیا کے نمائندوں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا۔

اس دوران اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی جس نے موقع سے شواہد اکٹھے کرتے ہوئے تحقیقات شروع کردی ہیں۔

ڈی سی او کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان نے ملزمان کو فوری گرفتار کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے تاثیر کی برسی کی تقریب میں ہنگامہ آرائی کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس حکام سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

یاد رہے کہ سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کو چار جنوری 2011 کو اسلام آباد میں ان کے ہی محافظ نے نشانہ بنایا تھا۔

سلمان تاثیر اسلام آباد کے سیکٹر ایف 6 کی کوہسار مارکیٹ میں اپنی گاڑی میں بیٹھ رہے تھے کہ ان کے اسکواڈ میں شامل ایلیٹ فورس کے جوان ممتاز قادری نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کردی تھی۔

تاثیر کو گردن اور پیٹ میں نو گولیاں لگی تھیں، ان کو فوری طور پر پولی کلینک ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے۔

سلمان تاثیر کو قتل کرنے والے ممتاز قادری نے الزام عائد کیا کہ سابق گورنر پنجاب توہین رسالت کے مرتکب ہوئے تھے اور انہیں تاثیر کو قتل کرنے پر کوئی ندامت نہیں۔

راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ممتاز قادری کو قتل کے الزام میں دو بار سزائے موت اور دو لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنے کی سزا سنائی تھی۔

Read Comments