پاکستان

عمران خان کی سول نافرمانی تحریک ختم؟

آئیسکو کی پی ٹی آئی چیئرمین کی جانب سے بجلی کے بل جمع کرائے جانے کی تصدیق کے بعد ان کے گھرکی بجلی بحال کردی گئی ہے۔

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے اپنی شادی کے اگلے ہی روز حکومت کے خلاف سول نافرمانی کی تحریک ختم کرتے ہوئے اپنے گھر کے بجلی کے بل ادا کر دیئے ہیں۔

اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کارپوریشن (آئیسکو) نے پی ٹی آئی چیئرمین کی جانب سے بجلی کے بل جمع کرائے جانے کی تصدیق کی ہے۔

آئیسکو کے مطابق عمران خان نے اپنے گھر کے ایک میٹرکے ایک لاکھ 33 ہزار260 روپے کے واجبات جبکہ دوسرے میٹر کے 15 ہزار 310 روپے کے واجبات جمع کرائے۔

سرچارج سمیت بقایا جات کی ادائیگی پرجمعے کوعمران خان کے گھرکی بجلی بحال کردی گئی ہے۔

یاد رہے کہ عمران خان نے اگست 2014 میں اسلام آباد میں حکومت مخالف دھرنے کے دوران سول نافرمانی کا اعلان کرتے ہوئے بجلی کے بل ادا کرنے سے انکار کردیا تھا۔

انھوں نے 2013 کے عام انتخابات کے دوران مبینہ دھاندلی کے الزامت کے تحت وزیراعظم نواز شریف سے استعفیٰ کا مطالبہ کررکھا تھا۔

تاہم آج ان کے گھر کے بجلی کے بل ادا ہونے سے عمران خان کی سول نافرمانی تحریک خود بخود ختم ہوگئی۔

دوسری جانب پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان اور ڈان نیوز کی اینکر پرسن ریحام خان کے ولیمے کی تقریب بھی بنی گالہ میں ہوئی۔

عمران خان نے باقاعدہ ولیمے کا اہتمام نہیں کیا تاہم سوئیٹ ہوم کے بچوں کو کھانا کھلایا گیا۔

بعد ازاں عمران خان اور ریحام خان بنی گالہ سے نکاح خواں مفتی سعید کے مدرسے پہنچے، جہاں انھوں نے مدرسے کے طلبا میں کھانا تقسیم کیا۔

عمران خان اور ریحام خان گزشتہ روز ایک نہایت مختصر اور سادہ سی تقریب میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے۔