پاکستان

'ریحام سے متعلق خبروں کی وجہ سے جلدی شادی کی'

عمران نے کہا کہ سانحہ پشاور کی وجہ سے فی الحال شادی کا ارادہ نہیں تھا لیکن ریحام کے حوالے سے غلط خبروں کی وجہ سے شادی کی

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ عمران خان نے شادی کی مبارکباد دیے والے ہر پاکستانی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اندازہ نہیں تھا کہ شادی کا اتنا زیادہ ردعمل سامنے آئے گا۔

ڈان نیوز کی اینکر پرسن ریحام خان سے شادی کے بعد پہلی مرتبہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ سانحہ پشاور کی وجہ سے ان کا فی الحال شادی کا ارادہ نہیں تھا لیکن ریحام خان کے حوالے سے میڈیا میں مسلسل خبریں آرہی تھیں اس لئے ابھی شادی کی۔

عمران خان نے گزشتہ روز بنی گالا میں اپنی رہائش گاہ پر ریحام خان سے نکاح کیا اور آج مدرسے کے طلبا کے ہمراہ ولیمے کا کھانا کھایا۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ میں شادی کی مبارکباد دینے والے ہر پاکستانی کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں، مجھے اندازہ نہیں تھا کہ شادی کا اتنا بڑا ردعمل آئے گا۔

تحریک انصاف کے سربراہ نے کہا کہ جو بھی انہیں شادی کا تحفہ دینا چاہتا ہے وہ شوکت خانم پشاور کے فنڈ میں ڈالے۔

ان کا کہنا تھا کہ پشاور کا شوکت خانم اسپتال اسی سال مکمل ہونا چاہیے، پشاور میں کینسر ہسپتال مکمل ہونے سے 23 فیصد مریضوں کا علاج ممکن ہوپائے گا۔

عمران خان نے کہا کہ ولیمے کا کھانا مدارس کے بچوں کے ساتھ کھایا بہت اچھا لگا، لوگ شادی میں کروڑوں اربوں روپے ضائع کرتے ہیں جس کی کوئی ضرورت نہیں۔

اس موقع پر انہوں نے مزید کہا کہ جوڈیشل کمیشن صرف میری نہیں بلکہ سب جماعتوں کا مطالبہ ہونا چاہیے، دھاندلی کی تفتیش کر کے اس میں ملوث افراد کو سزائیں دی جائیں تاکہ آئندہ انتخابات شفاف ہوں۔