کھیل

اسٹارک اور وارنر کے آگے انگلینڈ بے بس، آسٹریلیا کامیاب

آسٹریلیا نے سہ ملکی سیریز کے پہلے میچ انگلینڈ کو تین وکٹوں سے شکست دینے کے ساتھ ساتھ بونس پوائنٹ بھی اپنے نام کر لیا۔

سڈنی: آسٹریلیا نے سہ ملکی سیریز کے پہلے مقابلے انگلینڈ کو یکطرفہ مقابلے کے بعد تین وکٹوں سے شکست دینے کے ساتھ ساتھ بونس پوائنٹ بھی اپنے نام کر لیا۔

کرکٹ کے ’بگ تھری‘ انگلینڈ، آسٹریلیا اور انڈیا پر مشتمل سہ ملکی سیریز کے پہلے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو تباہ کن ثابت ہوا اور پہلے ہی اوور میں بغیر کسی اسکور پر دو وکٹوں سے محروم ہو گئی۔

انگلش بیٹنگ لائن کی تباہی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ 69 رنز پر اس کے پانچ کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے۔

اس موقع پر کپتان آئن مورگن نے جوز بٹلر کے ساتھ مل کر کچھ دیر کے لیے وکٹیں گرنے کا سلسلہ روک دیا اور اسکور کو 136 تک پہنچا دیا لیکن اس ومقع پر جیمز فالکنر نے بٹلر کو پویلین کا راستہ دکھا دیا۔

انگلینڈ کی وکٹیں ایک ایک کر کے گرتی رہیں لیکن دوسرے اینڈ پر موجود مورگن نے آسٹریلین باؤلرز کا تن تنہا مقابلہ جاری رکھا اور شاندار سنچری اسکور کی۔

مورگن نے 121 رنز کی شاندار اننگ تراشی اور پوری انگلش بیٹنگ 19ویں اوور میں 234 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

انگلش ٹیم کی اس تباہی کے ذمے دار مچل اسٹارک تھے جنہوں نے چار وکٹیں حاصل کیں جبکہ فالکنر نے تین وکٹیں لے کر ان کا بھرپور ساتھ نبھایا۔

آسٹریلین نے ہدف کے تعاقب جارحانہ انداز سے شروع کیا اور خصوصاً ڈیوڈ وارنر نے انگلش باؤلنگ کو آڑے ہاتھوں لیا اور کسی بھی باؤلر کو خاطر میں نہیں لائے۔

آسٹریلین بلے بازوں نے وارنر کا بھرپور ساتھ نبھایا اور چھوٹی چھوٹی شراکتیں قائم کر کے اپنی ٹیم کو فتح کے قریب پہنچا دیا۔

اختتامی اوور میں آسٹریلیا نے بونس پوائنٹ کے حصول کے لیے تیز رفتاری سے بیٹنگ کی جس کے نتیجے میں وہ آگے پیچھے چند وکٹیں گنوا بیٹھے لیکن اس کے باوجود میچ کا نتیجہ میزبان ٹیم کے حق میں رہا۔

ڈیوڈ وارنر کے شاندار 127 رنز کی بدولت 40 ویں اوور میں آسان فتح اپنے نام کرنے کے ساتھ ساتھ بونس پوائنٹ بھی حاصل کر لیا۔

انگلینڈ کی جانب سے کرس ووکس چار وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے۔

اسٹارک کو شاندار باؤلنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی چنا گیا۔

سیریز کا اگلا میچ اتوار کو آسٹریلیا اور انڈیا کے درمیان کھیلا جائے گا۔