Dawn News Television

اپ ڈیٹ 19 جنوری 2015 01:05pm

کراچی: پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور اہلکار فائرنگ سے زخمی

کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں انسدادِ پولیو مہم کے دوران فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار تبسم علی شدید زخمی ہوگیا۔

نمائندہ ڈان نیوز کے مطابق پیر کو اورنگی ٹاون کی یونین کونسل نمبرچار، بنارس کالونی میں انسدادِ پولیو مہم کے دوران موٹر سائیکل سوار نامعلوم افراد نے اے ایس آئی تبسم علی پر اس وقت فائرنگ کی، جب پولیو ٹیم بچوں کو قطرے پلانے ایک گھر کے اندر گئی ہوئی تھی۔

فائرنگ کے نیتجے میں پولیو ٹیم کی سیکیورٹی پر مامور پولیس اہلکار اے ایس آئی تبسم علی شدید زخمی ہوگیا، جسے عباسی شہید ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے۔

علاقے میں پولیو مہم کی انچارج رخسانہ اقبال کے مطابق موٹر سائیکل سوار حملہ آوروں نے اس سے قبل پولیو ٹیم کے رضاکاروں سے بات چیت کی تھی اوربعد ازاں پولیس اہلکار کے پاس پہنچ کر اس کے سر پر فائرنگ کردی۔

واضح رہے کہ آج شہر کے تین اضلاع شرقی، غربی اور ملیر میں پولیو مہم چلائی جا رہی تھی، تاہم فائرنگ کے اس واقعے کے بعد سائٹ کی تین یوسیز میں جبکہ ملیر کینٹ چھاؤنی کے علاوہ ملیر کی تمام یوسیز میں پولیو مہم روک دی گئی ہے۔

نمائندے کے مطابق اس سے قبل آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے ان علاقوں کے دورے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ پولیو مہم کے دوران سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے امن کے لیے پولیس قربانیاں دے رہی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان کا شمار دنیا کے ان تین ممالک میں ہوتا ہے، جہاں پولیو وائرس پایا جاتا ہے۔ ملک میں پولیو کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث جون 2014 میں عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے پاکستان سے بیرون ملک سفر کرنے والے افراد کے لیے پولیو ویکسین کو لازمی قرار دیا تھا۔

Read Comments