Dawn News Television

اپ ڈیٹ 22 جنوری 2015 07:53pm

جماعۃ الدعوۃ کے اثاثے منجمد

اسلام آباد : دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت جماعت الدعوۃ سمیت تمام کالعدم تنظیموں کے اثاثے منجمند کردیے گئے ہیں۔

دفترخارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہا ہےکہ اقوام متحدہ نے جن جماعتوں پر پابندی لگائی ان کے خلاف کارروائی کر رہے ہیں، ایل اوسی پر کشیدگی دہشت گردوں کےخلاف کارروائی سے توجہ ہٹانےکی کوشش ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق حافظ سعید پر بھی بین الاقوامی سفر پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ امریکا اور ہندوستان کی جانب سے حافظ سعید کی سربراہی میں کام کرنے والے "فلاحی" ادارے جماعۃ الدعوۃ کا تعلق کالعدم "لشکر طیبہ" سے بتایا جاتا رہا ہے۔

لشکر طیبہ پر 2008 میں ہندوستان میں ممبئی حملوں کا ذمہ دار قرار دیا جاتا رہا ہے۔

تسنیم اسلم نے مزید کہا کہ کالعدم جماعتوں کے فنڈز اکٹھا کرنے پر پابندی ہے جبکہ تمام کالعدم جماعتوں کے اثاثے منجمد کر دیئے ہیں۔

ہفتہ وار بریفنگ میں دفتر خارجہ کی ترجمان کا کہنا تھا کہ جماعت الدعوۃ سمیت اہم کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔

یاد رہے کہ وزارت داخلہ کے اہلکار نے گزشتہ روز تصدیق کی تھی کہ حکومت کالعدم جماعۃ الدعوۃ اور کالعدم حقانی نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کر سکتی ہے۔

تسنیم اسلم کا کہنا تھا کہ حقانی نیٹ ورک پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے البتہ اس کا کوئی بینک اکاونٹ پاکستان میں موجود نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے یہ تمام اقدامات اپنے مفاد میں کیے ہیں، ان فیصلوں کے لیے کوئی بیرونی دباو نہیں تھا۔

داعش کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ اس معاملے پر پاکستان تمام خدشات سے آگاہ ہے اور داعش کی پاکستان میں سرگرمیوں کو روکنے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

ہندوستان کے ساتھ سرحد پر ہونے والے جھڑپوں کے سوال پر تسنیم اسلم نے کہا کہ سرحد پر کشیدگی کی فضا$ پیدا کرکے ہماری توجہ دہشت گردی کے خلاف جنگ سے ہٹانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

Read Comments