Dawn News Television

شائع 01 فروری 2015 06:08pm

بلوچستان: ڈیرہ بگٹی میں گیس پائپ لائن تباہ

کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی میں عسکریت پسندوں نے 24 انچ کی گیس پائپ لائن کو دھماکا خیز مواد سے اڑا دیا جس کی وجہ سے کئی علاقوں میں گیس کی سپلائی منقطع ہو گئی۔

لیویز ذرائع کا کہنا ہے کہ عسکریت پسندوں کی جانب سے دھماکا خیز مواد کو گیس پائپ لائن کے ساتھ منسلک کیا گیا تھا جو بعد ازاں زور دار دھماکے سے پھٹ گیا۔

مزید پڑھیں: جعفرآباد: گیس پائپ لائن کودھماکے سے اڑا دیا گیا

واقعے کی اطلاع کے بعد لیویز اور فرنٹیئر کور (ایف سی) کے اہلکار موقع پر پہنچے جب کہ آگ پر قابو پانے کیلئے فائر بریگیڈ کو بھی طلب کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق علاقے میں سکیورٹی مسائل کی وجہ سے سوئی سدرن گیس کمپنی کے حکام کو حادثے کے مقام پر پہنچنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔

اس حملے کی ذمہ داری فوری طور پر کسی بھی تنظیم کی جانب سے قبول نہیں کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان:ریلوےٹریک اورگیس لائن دھماکوں سے تباہ

کچھ روز قبل عسکریت پسندوں کی جانب سے بلوچستان کے علاقے نوٹل میں بجلی کی 220 کے وی کی ٹرانسمیشن لائن کو دھماکا خیز مواد سے اڑا دیا تھا جس سے صوبے کے 29 اضلاع میں بجلی کی سپلائی معطل ہوگئی تھی۔

بلوچستان میں عسکریت پسند گروپوں کی جانب سے گیس پائپ لائن اور دیگر حکومتی اداروں کو نشانہ بنانے سلسلہ ایک دہائی سے جاری ہے۔

Read Comments