پھانسی کے قیدی کا اقدام خودکشی
علی محمد شورو اپنے اہلخانہ سے ملاقات کے بعد شدید پریشان تھا، اس نے ریزربلیڈ کی مدد سے اپنی شہہ رگ کاٹنے کی کوشش کی۔
حیدرآباد: سینٹرل جیل حیدرآباد میں قید سزائے موت کے ایک قیدی نے جمعرات کی صبح خودکشی کی کوشش کی تاہم اسے بچا لیا گیا۔
حیدرآباد جیل کے سینیئر سپرنٹنڈنٹ اعجاز حیدر کے مطابق 45 سالہ علی محمد شورو بدھ کو اپنے اہلخانہ سے ملاقات کے بعد انتہائی پریشان لگ رہا تھا، جس کے بعد اگلی صبح اس نے ٹوائلٹ جا کر ایک ٹوٹے ہوئے ریزر بلیڈ کی مدد سے اپنی شہہ رگ کاٹنے کی کوشش کی۔
حیدر کے مطابق علی محمد شورو کو شدید زخمی حالت میں لیاقت یونیورسٹی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں کی کوششوں سے اسے بچا لیا گیا اور اب اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔
مذکورہ مجرم اپنے ایک رشتہ دار کے قتل کے الزام میں 7 جولائی 2011 سے جیل میں ہے اور اس کے خلاف ضلع جامشورو کے کوٹری پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج ہے۔