سینیٹ انتخابات سے قبل حکمران جماعت میں پھوٹ پڑگئی
اسلام آباد: پاکستان میں سینیٹ انتخابات سے قبل ہی ملک کی حکمراں جماعت مسلم لیگ نواز میں اختلافات کی خبریں گردش کرنے لگیں۔
ڈان نیوز کے مطابق بلوچستان اسمبلی کے پانچ اور خیبر پختونخوا اسمبلی کے دو ارکان لیگی قیادت سے ناراض ہیں جس کے باعث خیبر پختونخوا اور بلوچستان اسمبلی سے ن لیگ کی ایک سینیٹ نشست ضائع ہونے کا خدشہ ہے۔
بلوچستان اسمبلی میں ن لیگ کے اراکین کی تعداد بائیس ہے، اس طرح حکمراں جماعت کو سینیٹ کی تین نشستیں ملنے کا امکان ہے تاہم صوبائی حکومت میں مناسب حصہ نہ ملنے پر نواز لیگ کے پانچ اراکین صوبائی اسمبلی مرکزی قیادت سے ناراض ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے دورہ بلوچستان کے دوران صوبائی اسمبلی کے اراکین ان سے ملاقات میں بھی شریک نہیں ہوئے تھے، اراکین کی ناراضگی کے باعث خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ حکومتی جماعت کو بلوچستان سے ایوان بالا کی ایک نشست کا نقصان اٹھانا پڑسکتا ہے۔
دوسری جانب خیبر پختونخوا میں سترہ اراکین اسمبلی کے ووٹوں سے ایک سینیٹر منتخب ہوگا جب کہ کے پی کے اسمبلی میں مسلم لیگ نواز کے ممبران کی تعداد بھی سترہ ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کے پی کے اسمبلی میں حکمران جماعت کے سترہ میں سے دو ارکان پارٹی قیادت سے ناراض ہیں جس کے باعث خیبر پختونخواہ سے نواز لیگ کو ملنے والی واحد نشست بھی خطرے میں پڑ سکتی ہے۔
ادھر مسلم لیگ نواز کے چیئرمین راجہ ظفر الحق نے اس حوالے سے کہا کہ سیاسی جماعتوں میں اس قسم کے اختلافات معمول کی بات ہے اور انہیں سیاسی انداز میں حل کر لیا جائے گا۔
سینیٹ الیکشن میں دو نشستیں ضائع ہونے کی صورت میں حکمراں جماعت کے لئے ایوان بالا کی چیئرمین شپ کے حصول میں مشکلات حائل ہوسکتی ہیں۔