Dawn News Television

شائع 25 فروری 2015 06:48pm

کوارٹر فائنل تک رسائی کیسے ہوگی؟

کراچی: پاکستان کی ورلڈکپ میں مسلسل دو ناکامیوں اور آئرلینڈ کی مسلسل دو کامیابیوں نے گرین شرٹس کا کوارٹر فائنل تک رسائی کا سفر مزید دشوار بنادیا ہے تاہم پاکستان اپنے بقیہ تمام میچز جیت کر ناک آؤٹ مرحلے تک رسائی ممکن بناسکتا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں جاری کرکٹ ورلڈکپ میں ہندوستان کے بعد آئرلینڈ کی مسلسل دونوں میچز میں کامیابی نے قومی کرکٹ ٹیم کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے ۔

ہندوستان نے اپنے پہلے میچ میں پاکستان کو 76 رنز سے شکست دی جبکہ دوسرے میچ میں انڈین ٹیم نے ٹورنامنٹ فیورٹ جنوبی افریقہ کو 130 رنز کے واضح مارجن سے ہرایا۔

ادھر آئرلینڈ کی ٹورنامنٹ میں اب تک کارکردگی بہترین رہی ہے جہاں یورپی ٹیم اب تک ویسٹ انڈیز اور متحدہ عرب امارات کو شکست دے چکی ہے۔

پاکستان کو کوارٹرفائنل تک رسائی یقینی بنانے کے لئے اب بقیہ چاروں میچز جیتنا ہوں گے ۔

گرین شرٹس کو زمبابوے، یواے ای کے ساتھ جنوبی افریقا اور پھر آخری گروپ میچ میں آئرلینڈ کو زیر کرنا ہوگا۔

ایک بھی میچ میں ناکامی کے بعد صورتحال پاکستان کے ہاتھ سے نکل جائے گی اور معاملہ رن ریٹ پر آئیگا۔ پاکستان کا رن ریٹ بھی گروپ بی میں سب سے خراب ہے۔

قومی ٹیم ورلڈکپ میں تیسرا میچ یکم مارچ کو برسبین میں زمبابوے کے خلاف کھیلے گی ۔

Read Comments