Dawn News Television

اپ ڈیٹ 03 مارچ 2015 09:31pm

'ہندوستان سے بلوچستان میں مداخلت کا معاملہ اٹھایا'

اسلام آباد: پاکستان نے ہندوستان کے ساتھ سیز فائر کی خلاف ورزی، مسئلہ کشمیر اور بلوچستان، فاٹا میں مداخلت سمیت دیگر معاملات اٹھا دیے۔

پاکستانی سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے بتایا کہ یہ معاملات ہندوستان کے سیکریٹری خارجہ ایس جے شنکر کے ساتھ ملاقات کے دوران اٹھائے گئے۔

اعزازچوہدری نے کہا کہ جے شنکر سے ملاقات میں سمجھوتا ایکسپریس کا معاملہ بھی اٹھایا گیا ہے جبکہ عوامی سطح پر رابطوں کو بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: 'پاکستان اگلی سارک کانفرنس کا میزبان '

ان کے مطابق تمام تصفیہ طلب معاملات کو حل کرنے کیلیے طریقہ کار وضع کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

اعزاز چوہدری نے کہا کہ بات چیت میں دونوں طرف سے تحفظات کو غور سے سنا گیا اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ تنازعات کے حل کیلئے آپس کے اختلافات کو ختم کیا جانا چاہئے

انہوں نے بتایا کہ ملاقات کے دوران مسئلہ کشمیر، سیاچن، سرکریک، بلوچستان سمیت دیگر امور پر بات چیت ہوئی۔

پاکستانی سیکرٹری خارجہ نے بتایا کہ ملاقات کے دوران 2003 کے سیز فائر معاہدے پر عمل درآمد کےلیے بھی بات چیت ہوئی۔

انہوں نے بتایا کہ جے شنکر نے وزیراعظم نواز شریف کے نام ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی کا خط بھی پہنچایا۔

اعزاز چوہدری نے بتایا کہ پاکستان آئندہ سارک اجلاس کی میزبانی کرے گا جبکہ سارک کو مزید فعال بنانے پر بھی اتفاق کیاگیا۔

اعزاز چوہدری نے کہا کہ پاکستان تمام ہمسایہ ممالک سے پرامن تعلقات کا خواہاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی صرف پاکستان کا مسئلہ نہیں، پورے خطے کا مسئلہ ہے۔

Read Comments