Dawn News Television

شائع 06 مارچ 2015 05:27pm

'تو کیا عرفان سے اوپن کرلیں؟'

آکلینڈ: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے سابق کھلاڑیوں کی تنقید کے ردعمل میں کہا ہے کہ کیا پاکستانی ٹیم فاسٹ باؤلر عرفان سے اوپن کرلے؟

پاکستان کا کا ٹاپ آرڈر ورلڈ کپ میں اب تک بری طرح ناکام رہا ہے اور چار میچز میں اوپننگ پارٹنرشپ اب تک صرف 11، 0، 1 اور 10 رنز ہی بناسکی ہے جس کے باعث مڈل آرڈر پر پریشر آجاتا ہے۔

محمد حفیظ کی انجری کے بعد ہندوستان کے خلاف میچ میں تجربہ کار بلے باز یونس خان کو بطور اوپنر کھلایا گیا تاہم وہ اس پوزیشن پر ناکام رہے۔

حفیظ کے متبادل کے طور پر ناصر جمشید کو بھیجا گیا جنہوں نے گزشتہ تین اننگز میں صفر، ایک اور چار اسکور کیا ہے جس کے بعد وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد کو بطور اوپنر کھلانے کی باتیں کی جارہی ہیں۔

سابق کپتان جاوید میانداد اور رمیز راجہ پہلے ہی 'کچھ ہٹ کر یا کچھ نیا' کرنے کی تجویز دے چکے ہیں، جب اس سلسلے میں مصباح سے سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا 'کچھ ہٹ کر؟ تو کیا ہم عرفان سے اوپن کروالیں؟

سات فٹ قد کے حامل عرفان ٹیم کے سب سے کمزور بلے باز مانے جاتے ہیں جنہوں نے 44 میچوں میں اب تک صرف 43 رنز ہی بنائے ہیں۔

مصباح نے کہا کہ سرفراز کو بطور اوپنر بھیجنے پر غور کیا جارہا ہے تاہم انہوں نے کہا کہ سرفراز نے متحدہ عرب امارات میں اوپن کیا ہے تاہم 'یہاں کی کنڈیشنز مختلف ہیں۔'

Read Comments