کھیل

نئے ون ڈے کپتان کا اعلان اگلے ہفتہ متوقع

بورڈ نئے چیف سلیکٹراورسلیکشن کمیٹی کی تقرری پر بھی سنجیدگی سےغور کر رہا ہے، ذرائع۔

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ اگلے ہفتہ ون ڈےفارمیٹ کیلئے نئے کپتان کےاعلان کے ساتھ ساتھ نئے چیف سلیکٹر اورسلیکشن کمیٹی کی تقرری پر سنجیدگی سے غور کر رہا ہے۔

انتہائی باخبر ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ موجودہ چیف سلیکٹر معین خان کے عہدہ پر برقرار رہنے کے امکانات بہت کم ہیں اور اس کی کئی وجوہات ہیں۔

اول یہ کہ معین سابق پی سی بی چیئرمین نجم سیٹھی کا انتخاب تھے، جنہوں نے انہیں وسیع اختیارات سونپ رکھے تھے۔

تاہم، ان تمام اختیارات کے باوجود معین اور ان کی سلیکشن ٹیم کا منتخب کردہ پاکستانی سکواڈ ورلڈ کپ میں ناکام رہا اور کواٹر فائنل مرحلے میں آسٹریلیا سے شکست کے بعد میگا ایونٹ سے باہر ہو گیا۔

اس کے علاوہ ورلڈ کپ کے دوران نیوزی لینڈ میں معین کا کسینو سکینڈل بھی سامنے آیا جس کے بعد بورڈ نے انہیں واپس پاکستان طلب کر لیا۔ذرائع نے بتایا کہ معین موجودہ پی سی بی سربراہ شہریار خان کا اعتماد بھی کھو چکے ہیں۔

ڈان کے رابطہ کرنے پر شہریار نے بتایا کہ وہ مصباح الحق کی ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد نئے کپتان کی تقرری کیلئے مختلف لوگوں سے مشاورت کر رہے ہیں۔

جب ان سے چیف سلیکٹر کے مستقبل کے حوالے سے پوچھا گیا تو انہوں نے تبصرہ کرنے سے انکار کرتے ہوئے صرف اتنا بتایا کہ بورڈ ورلڈ کپ سکواڈ کی پرفارمنس کا جائزہ لینے کے بعد اگلے ہفتے کچھ اہم فیصلے کرنے جا رہا ہے۔

اپریل میں بنگلہ دیش کے متوقع دورے کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ حکومت پاکستان نے دو دن پہلے بورڈ کو گرین سگنل دے دیا ہے، جس کے بعد بورڈ اب بنگلہ دیش سے اپنے دو مطالبوں کے جواب کا منتظر ہے۔

شہریار نے بتایا کہ پی سی بی بنگلہ دیش میں پاکستان ٹیم کیلئے بہترین سیکورٹی مانگ رہا ہے اس کے علاوہ بورڈ کی خواہش ہے کہ بنگلہ دیش پاکستانی کھلاڑیوں کی میچ فیس کے علاوہ ان کے سفری اور دیگر اخراجات بھی پورا کرے۔

شہریار نے بتایا کہ انہیں امید ہے کہ اگلے دو دنوں میں بنگلہ دیش انہیں اپنے جواب سے آگاہ کر دے گا۔

خیال رہے کہ اس مرتبہ بنگلہ دیش نے پاکستان کا دورہ کرنا تھا ، لیکن سیکورٹی خدشات کی وجہ سے انہوں نے پاکستان آنے کے بجائے اپنے گھر میں ہی سیریز کھیلنے کی پیشکش کی تھی۔