Dawn News Television

شائع 29 مارچ 2015 11:06am

آزاد کشمیر:ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی، پی پی کا مقابلہ

میر پور: پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے شہر میرپور کے حلقہ ایل اے-3 میں ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ جاری ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق 68ہزار 8سو 15ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

چیف الیکشن کمشنر جسٹس منیر چوہدری کے مطابق پولنگ شام پانچ بجے تک جاری رہے گی۔

ووٹنگ کے لیے 115پولنگ اسٹیشن اور 195پولنگ بوتھ قائم کئے گئے ہیں۔

80پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے ۔

ڈی آئی جی میرپور ڈاکٹر خالد چوہان کے مطابق سیکیورٹی کیلئے رینجرز کے 450 جبکہ 3ہزار 5سو 85پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔

پولیس کے مطابق پولنگ کے موقع پر حلقہ میں غیر متعلقہ افراد کی مداخلت پر پابندی عائد کر دی گئی۔

قانون ساز اسمبلی کے لیے میرپور میں مجموعی طور پر 8امیدوار میدان میں ہیں، لیکن تحریک انصاف کے امیدوار بیرسٹر سلطان محمود اور پیپلز پارٹی کے چوہدری محمد اشرف کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے۔

واضح ر ہے مسلم لیگ (ن) اپنا امیدوار ارشد غازی پیپلز پارٹی کے حق میں دستبردار کروا چکی ہے۔

یہ نشست بیرسٹر سلطان محمود کی پی ٹی آئی میں شمولیت کے بعد مستعفی ہونے سے خالی ہوئی تھی۔

Read Comments