Dawn News Television

اپ ڈیٹ 30 مارچ 2015 12:06pm

الطاف حسین کا ایم کیو ایم چھوڑنے کا فیصلہ واپس

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیوایم) کے قائد الطاف حسین نے پارٹی قیادت چھوڑنے کا فیصلہ واپس لے لیا ہے ۔

نمائندہ ڈان نیوز کے مطابق ایم کیو ایم قائد کے قیادت چھوڑنے کے اعلان کے بعد کارکنوں کی بڑی تعداد خورشید میموریل ہال پہنچ گئی اور الطاف حسین سے اپنا فیصلہ واپس لینے پر اصرار کیا، جس کے بعد قائد ایم کیوایم نے اپنا فیصلہ واپس لے لیا۔

اس سے قبل آج صبح سویرے الطاف حسین نے نائن زیرو پر پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں سے لندن سے براہ راست ٹیلی فونک خطاب میں ایم کیوایم کی قیادت سے دستبرداری کااعلان کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کے ساتھ بہت کھلواڑ ہوچکا ہے۔ اب وہ قیادت کا بوجھ نہیں اٹھا سکتے، لہذا کارکن شام کو جمع ہو کر نئی قیادت کا انتخاب کرلیں۔

الطاف حسین کے قیادت چھوڑنے کے اعلان پر ایم کیو ایم کے ارکان اسمبلی نے بھی استعفیٰ دینے کا اعلان کردیا تھا۔

ایم کیو ایم کے ذمہ داران سے خطاب میں متحدہ کے قائد نے ایم کیو ایم سے علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ آج کے بعد وہ متحدہ کے قائد نہیں رہیں گے۔ 'اب جو گالی دے گا، وہ ان کو نہیں، بلکہ پوری قوم کو پڑے گی'۔

نائن زیرو پر ٹیلی فونک خطاب میں الطاف حسین کارکنوں اور ذمہ داروں سے سخت نالاں دکھائی دیئے اور کہا کہ انہیں گالیاں دی جاتی رہیں لیکن کارکن ان کے لیے کبھی کھڑے نہیں ہوئے۔ انھوں نے سوال کیا کہ قائد کو گالی دیئے جانے پر کارکنوں کو افسوس نہیں ہوتا ؟

اُنہوں نے کارکنوں کو ایم کیوایم ختم کرکے تمام توانائیاں انسانیت کے لیے وقف کرنے کی بھی نصیحت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ کارکن خدمت خلق فاؤنڈیشن کے تحت فلاحِ انسانیت کے مشن میں کام کریں۔

الطاف حسین نے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کو بھی کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ 'عمران فاروق کے قتل پر میرے ضبط کے بندھن ٹوٹ گئے اور میں خود پر قابو نہ پاتے ہوئے روپڑا تو عمران خان نے میرے جذبات کا مذاق اُڑایا'۔

انہوں نے کہا کہ 'عمران خان نے دھرنے میں کہا تھا تبدیلی آنے تک گھرنہیں جاؤں گا، لیکن شادی کرتے ہی عمران خان کا انقلاب اور کنٹینر دونوں غائب ہوگئے'۔

الطاف حسین نے کہا کہ عمران خان نے میڈیا پر اُنہیں قاتل کہا، جبکہ ولی خان بابر کو وہ جانتے تک نہیں تھے۔ قتل ہونے کے بعد پتہ چلا کہ ولی بابر کوئی رپورٹر ہے۔

متحدہ کے قائد نے کہا کہ عمران خان کو اُن کی دو گھنٹے تقریر کرنے پر اعتراض ہے۔ وہ بتائیں کہ میڈیا نے دھرنوں کی اتنی زیادہ کوریج کیوں کی؟

یمن کی صورتحال پر الطاف حسین کا کہنا تھا کہ پاکستان نے پانچ جنگیں لڑیں مگر کسی نے پاکستان کی مدد نہیں کی۔ اُنہوں نے اس معاملے پر وزیراعظم سے آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا بھی مطالبہ کیا۔

دوسری جانب ان کا کہنا تھا کہ اگر قومی اسمبلی کے حلقے246 کے نتائج تبدیل کیے گئے تو جمہوریت ختم ہوجائے گی ۔

Read Comments