Dawn News Television

شائع 30 مارچ 2015 09:08pm

یمن بحران: پاکستان کا علاقائی قیادت سے رابطہ کا فیصلہ

اسلام آباد:وزیر اعظم نواز شریف نے یمن میں جاری بحران حل کرنے کیلئے مشرق وسطی کے برادر ممالک سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ فیصلہ پیر کو وزیر اعظم کی سربراہی میں ایک اعلی سطحی اجلاس کے دوران کیا گیا۔

اجلاس میں مشرق وسطی کی موجودہ صورتحال کا مربوط جائزہ لیا گیا۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان سعودی عرب کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کیلئے پر عزم ہے۔

وزیر اعظم نے زور دے کر کہا کہ پاکستان مشرق وسطی کی بگڑتی صورتحال پر قابو پانے کیلئے بامعنی کردار ادا کرے گا۔

نواز شریف نے اقوام متحدہ، او آئی سی اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بحران کا سیاسی حل تلاش کرنے میں تعمیری کردار ادا کریں۔

اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر اعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی سرتاج عزیز، آرمی چیف جنرل راحیل شریف، چیف آف ائیر سٹار اور دوسرے سینئر حکام موجود تھے۔

دوسری جانب، غیر ملکی خبر رساں ایجنسی رائٹرز نے ایک سیکورٹی افسر کے حوالے سے بتایا کہ پاکستان سے ایک اعلی سطحی دفاعی وفد سعودی عرب جا رہا ہے۔

سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دورے سے پہلے سعودی عرب کی قیادت میں جاری آپریشن کا حصہ بننے کوئی فیصلہ نہیں ہو گا۔

سیکورٹی ذرائع نے رائٹرز کو بتایا کہ وزیر دفاع اور مشیر خارجہ کی قیادت میں وفد پیر یا پھر اگلے کچھ دنوں میں روانہ ہو سکتا ہے۔

Read Comments