Dawn News Television

شائع 02 اپريل 2015 05:02pm

بجلی بحران: مارکیٹیں جلد بند کروانے کی ہدایت

اسلام آباد : وزیراعظم نواز شریف نے وزارت پانی و بجلی کو بجلی کی بچت کے لیے مارکیٹوں اور دکانوں کو جلدی بند کروانے سمیت دیگر اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ملک میں توانائی بحران کی جائزہ لینے کے لیے وزیراعظم کی زیرصدارت جمعرات یعنی آج ہونے والے اجلاس کے دوران وزارت پانی و بجلی کے حکام نے وزیراعظم کو بتایا کہ اس وقت ملک کو 5 سے 6 ہزار میگاواٹ بجلی کے بحران کا سامنا ہے جو کہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مزید بڑھتا رہے گا۔

وزیراعظم نے اس موقع پر حکام کی ہدایت کی کہ گرمیوں میں شہری علاقوں میں 6 جب کہ دیہی علاقوں میں 8 گھنٹے سے زائد کی لوڈشیڈنگ نہ کی جائے۔

اجلاس میں بجلی پیدا کرنے کے لیے شروع کیے گئے پروجیکٹس کا بھی جائزہ لیا گیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت توانائی کی کمی کو پورا کرنے لئے تمام تر اقدامات کر رہی ہے جب کہ جلد شمسی، پانی، نیوکلیئر اور دیگر ذرائع سے 10 ہزار میگاواٹ پیدا کرکے نیشنل گرڈ میں شامل کی جائے گی۔

Read Comments