این اے 246: نثار کی رینجرز سیکیورٹی کی پیشکش
اسلام آباد: وفاقی وزارت داخلہ نے حکومت سندھ کو آگاہ کیا ہے کہ وہ کراچی سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 246 میں پولنگ کے دوران سیکیورٹی کی ذمہ داری رینجرز کو دینے کے لئے تیار ہے ۔
سیکریٹری داخلہ شاہد خان نے وزیرداخلہ چوہدری نثار کی ہدایت پر ہفتے کو صوبائی حکومت سے رابطہ کرکے یہ پیشکش کی۔
قومی اسمبلی کے اس حلقے کو متحدہ قومی موومنٹ کا گڑھ قرار دیا جاتا ہے اور گزشتہ دنوں پاکستان تحریک انصاف کی انتخابی مہم کے دوران کشیدگی بھی دیکھی گئی ۔
انتخابی مہم کے دوران اب تک تحریک انصاف کے امیدوار عمران اسماعیل کی گاڑی پر حملہ اور ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی کے کارکنوں کے درمیان تصادم کے واقعات بھی پیش آ چکے ہیں۔
وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف سمیت ہر سیاسی جماعت کا حق ہے کہ وہ کراچی میں جلسہ کرے۔
ان واقعات کے بعد چوہدری نثار نے اپنی وزارت سے سندھ کے چیف سیکریٹری اور آئی جی پولیس سے رابطہ کرکے تحریک انصاف کی ریلیوں کے دوران سیکیورٹی بہتر بنانے کی بھی ہدایت کی۔
وزیرداخلہ کے مطابق اگر الیکشن کمیشن چاہتا ہے تو پرامن انتخابات کے انعقاد کے لیے رینجرز کی سیکیورٹی فراہم کی جا سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں جو کچھ بھی تحریک انصاف کی ریلیوں کے دوران ہو رہا ہے وہ جمہوری اقدار کے خلاف ہے اور اگر یہی صورتحال برقرار رہی ہے تو الیکشن کمیشن کی منظوری کے بعد رینجرز کو پی ٹی آئی کے جلسوں کی سیکیورٹی کی ذمہ داری دی جا سکتی ہے۔
یاد رہے کہ قومی اسمبلی کی یہ نشست نبیل گبول کے ایم کیو ایم اور اس نشست سے مستعفی ہونے کے بعد خالی ہوئی تھی۔