احمد شہزاد کو انگلش کاؤنٹیز کی پیشکش
لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے مبینہ طور پر ڈسپلن معاملات پر اوپنر احمد شہزاد کو بنگلہ دیش کے خلاف ون ڈے اور ٹیسٹ اسکواڈ سے باہر کردیا ہے لیکن دوسری جانب، انگلش کاؤنٹی کی کچھ ٹیمیں ان سے معاہدے کی خواہاں ہیں۔
پی سی بی نے ورلڈ کپ 2015 کے بعد دورہ بنگلہ دیش کے لیے قومی ٹیم کا اعلان کیا تو ورلڈ کپ میں خراب کارکردگی کے حامل پرفارمر احمد شہزاد اور عمر اکمل کو توقعات کے عین مطابق اسکواڈ سے باہر کردیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ہیڈ کوچ وقار یونس کی ایک جائزہ رپورٹ کے بعد ان دوںوں کھلاڑیوں کے خلاف ایکشن لیا گیا۔
لیکن قومی ٹیم سے باہر ہونے کے باوجود قسمت احمد شہزاد سے نہیں روٹھی اور شہزاد کی کوئی مصروفیت نہ ہونے کے سبب مخلتف انگلش کاؤنٹی ٹیموں نے انہیں معاہدے کی پیشکش کی ہے۔
ذرائع کے مطابق اوپنر بلے باز ڈربی شائر، وارکشائر اور دیگر کاؤنٹیز کی پیشکش کا سنجیدگی سے جائزہ لے رہے ہیں۔
امکان ہے کہ رواں کاؤنٹی سیزن میں انہیں ڈربی شائر کی نمائندگی کا موقع ملے گا۔
دوسری جانب، لیجنڈ بلے بازبیٹسمین حنیف محمد نے ایک انٹرویو میں احمد شہزاد کی تینوں فارمیٹ کی ٹیموں میں شمولیت پر زور دیا۔
حنیف نے کہا احمد تینوں فارمیٹس میں تسلسل سے کارکردگی دکھاتے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ احمد کو باصلاحیت اور اچھے انسان کی حیثیت سے جانتے ہیں، ان کے ساتھ زیادتی نہیں ہونی چاہیئے'۔