زمبابوے کے آئندہ ماہ دورہ پاکستان کے امکانات روشن
لاہور: پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے امکانات روشن ہو گئے ہیں اور آئندہ ماہ زمبابوین کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کی امید ہے۔
ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کے منیجر نوید اکر چیمہ نے گزشتہ ماہ ایونٹ کے دوران اپنے بیان میں کہا تھا کہ میری زمبابوین کرکٹ حکام سے ملاقات ہوئی ہے اور وہ پاکستان ٹیم بھیجنے کے خواہشمند ہیں۔
ذرائع کے مطابق زمبابوین کرکٹ بورڈ نے دورہ پاکستان پر آمادگی ظاہر کردی ہے اور امید ہے کہ وہ مئی کے وسط میں پاکستان کا دورہ کرے گی۔
یاد رہے کہ 2009 میں پاکستان کے دورے پر آئی سری لنکن ٹیم پر لاہور میں حملہ کیا گیا تھا جس میں سری لنکن کھلاڑی بھی زخمی ہوئے تھے اور اس کے بعد سے کسی بھی ٹیسٹ ٹیم نے پاکستان کا دورہ نہیں کیا اور پاکستان کو اپنی تمام سیریز غیر ملکی سرزمین پر کھیلنی پڑیں۔
ذرائع کے مطابق دونوں ملکوں کے بورڈ کے درمیان جاری بات چیت کے مطابق زمبابوین ٹیم دورہ پاکستان میں تین ون ڈے اور دو ٹی ٹوئنٹی میچز یا پانچ ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کھیلے گی۔
ملک میں سیکورٹی معاملات کے پیش نظر ابتدائی طور پر تمام میچز لاہور میں کرانےکا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ڈائریکٹر میڈیا پاکستان کرکٹ بورڈ امجد حسین کا کہنا ہے کہ زمبابوے کرکٹ بورڈ کے ساتھ دورہ پاکستان کے معاملات آخری مراحل میں ہیں ۔
انہوں نے مزید بتایا کہ سیریز کے انعقاد کا حتمی فیصلہ اور دیگر معاملات آئندہ ہفتے دبئی میں ہونے والی آئی سی سی میٹنگ کے دوران طے کیے جائیں گے ۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان اور زمبابوے کرکٹ بورڈ کے صدر کے درمیان ملاقات میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔
واضح رہے کہ فیوچر ٹور پروگرام کالعدم قرار دیے جانے کے بعد اب دو ملک باہمی مشاورت اور رضامندی سے دو طرفہ سیریز کا انعقاد کر سکتے ہیں اور اس میں آئی سی سی کسی قسم کی مداخلت نہیں کرے گی۔