پاکستان

ایم کیو ایم کی عزیزآباد میں دفتر پر چھاپے کی تردید

ڈان نیوز کے مطابق رینجرز نے ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو کے اطراف کی گلیوں میں گشت کیا اورایک تنظیمی دفتر کی تلاشی لی۔

کراچی : رینجرز کی بھاری نفری ایک مرتبہ پھر سے ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو کے اطراف کی گلیوں میں اتوار کو گشت کیا جب کہ اس موقع پر متحدہ کے ایک تنظیمی دفتر کی تلاشی لی۔

تاہم ایم کیو ایم کے ترجمان نے اس خبر کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ رینجرز نے ان کے کسی دفتر پر چھاپہ نہیں مارا اور صرف گشت کرنے کے بعد چلی گئی۔

ڈان نیوز کے مطابق رینجرز نے اس دوران تقریباً 15 منٹ تک ایم کیو ایم کے ایک تنظیمی دفتر کی تلاشی لی تاہم رینجرز کے ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو میں داخل ہونے کی اطلاعات نہیں ہیں۔

نمائندہ ڈان نیوز کے مطابق رینجرز کے متعدد اہلکار بوتراب امام بارگاہ کی جانب سے عزیز آباد میں داخل ہوئے اور جناح گراؤنڈ کی جانب بھی گئے۔

رینجرز نے گزشتہ ماہ بھی ایم کیو ایم کے مرکز پر چھاپہ مارا تھا جس کے دوران متعدد افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔