Dawn News Television

اپ ڈیٹ 13 اپريل 2015 06:14pm

عمران فاروق قتل کیس کا مرکزی ملزم گرفتار، نثار

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کے مرکزی ملزم کو کراچی سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملزم کو پاکستانی سیکیورٹی ایجنسیز نے کارروائی کرتے ہوئے کراچی سے گرفتار کیا جس کل عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

چوہدری نثار نے کہا کہ عمران فاروق قتل کیس پر جے آئی ٹی ایک، دو روز میں بنائی جائے گی جبکہ گرفتار ملزم نے عمران فاروق کے قاتلوں کو مالی اور لاجسٹک مدد فراہم کی۔

انہوں نے کہا کہ مزید ملزمان کو بھی انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا جبکہ کیس سے متعلق تفصیلات برطانیہ سے بھی شیئر کی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کیس سے متعلق طرح طرح کی افواہیں گردش کررہی تھیں جبکہ یہ کیس صرف برطانیہ کے لیے ہی نہیں پاکستان کے لیے بھی امتحان بنا ہوا تھا۔

انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کیس میں پیش رفت پاکستانی انٹیلی جنس کی وجہ سے ہوئی۔

متحدہ قومی موومنٹ کے سینئر رہنما عمران فاروق کو 16 ستمبر 2010 کو لندن میں گرین لین کے علاقے میں اس وقت قتل کیا گیا تھا جب وہ کام سے گھر کی طرف آ رہے تھے۔

پوسٹ مارٹم رپورٹ میں انکشاف ہوا تھا کہ پچاس سالہ رہنما چھریوں کے وار سے ہلاک ہوئے تھے جبکہ جائے وقوعہ سے ایک ساڑھے پانچ انچ کی چھری اور ایک اینٹ بھی برآمد کی گئی تھی۔

1999 سے ڈاکٹر عمران فاروق نے برطانیہ میں خود ساختہ جلاوطنی اختیار کی ہوئی تھی۔

خیال رہے کہ جون 2013 میں عمران فاروق کو قتل کرنے کے جرم میں دو پاکستان نژاد افراد کو لندن میٹرو پولیٹن پولیس نے گرفتار کیا تھا۔

Read Comments