Dawn News Television

شائع 18 اپريل 2015 11:37pm

بلوچستان: انسداد خسرہ ٹیم پر حملہ

کوئٹہ: مسلح افراد نے ہفتے کے روز بلوچستان کے ضلع پشین میں انسداد خسرہ ٹیم پر فائرنگ کردی۔

لیویز ذرائع کے مطابق ٹیم پشین کے علاقے سرخاب میں مصروف تھی کہ حملہ کردیا گیا تاہم اس میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔

انہوں نے بتایا کہ لیویز اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آٹھ افراد کو موقع سے گرفتار کرلیا تاہم ان میں سے چار کو رہا کردیا گیا جبکہ دیگر چار کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

بلوچستان حکومت نے 13 سے 25 اپریل کے درمیان صوبے کے 32 اضلاع میں انسداد خسرہ مہم جاری کر رکھی ہے۔

ایک اور واقعے میں انسداد دہشت گردی یونٹ نے چار افغان تاجک باشندوں کو کوئٹہ میں کارروائی کے دوران گرفتار کرلیا۔

ذرائع کے مطابق ان افراد سے ہندوستانی موبائل، افغان سمز اور افغان کرنسی برآمد کی گئی ہے۔

ایک سینئر پولیس افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ افغان باشندوں سے اس سلسلے میں مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔

Read Comments