Dawn News Television

شائع 19 اپريل 2015 07:54pm

رونالڈو کا لا لیگا میں نیا منفرد ریکارڈ

پرتگال کے شہرہ آفاق فٹبالر اور ریال میڈرڈ کے اسٹرائیکر کرسٹیانو رونالڈو نے ایک اور ریکارڈ اپنے نام کرتے ہوئے ہسپانوی فٹبال لیگ لا لیگا کے لگاتار پانچ سیزن 50 یا اس سے زائد گول اسکور کرنے کا ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔

ہفتے کو لا لیگا میں ملاگا کے خلاف اپنی ٹیم کے میچ میں انہوں نے 67ویں منٹ میں پینالٹی کک مس کی لیکن 93ویں منٹ میں انہوں نے زیویئر ہرنینڈس کے پاس پر گیند کو جال میں پہنچا دیا۔

اس گول کے ساتھ وہ لا لیگا میں لگاتار پانچویں سیزن 50 گول کرنے والے پہلے فٹبالر بن گئے ہیں۔

ریال میڈرڈ نے 2009 میں مانسچسٹر یونائیٹڈ سے ریال میڈرڈ میں ٹرانسفر کیا اور کامیابی کی نئی منازل طے کرتے گئے۔

انہوں نے پہلی مرتبہ 2010-2011 کے سیزن میں ریال میڈرڈ کی طرف سے لا لیگا میں 50 سے زائد رنز اسکور کر کے مجموعی طور پر 53 گول اسکور کیے۔

اس کے بعد اگلے چار سیزن میں بالترتیب 60، 55، 51 اور اس سیزن میں وہ اب تک 50 گول اسکور کر چکے ہیں۔

30 سالہ فٹبالر اس کے ساتھ ساتھ پانچ اہم یورپیئن لیگز میں 300 سے زائد گول اسکور کرنے والے تاریخ کے پانچویں فٹبالر بن گئے۔

انہوں نے لا لیگا میں 216 اور انگلش پریمیئر لیگ میں 84 گول اسکور کیے۔

اس صف میں سب سے زیادہ گول اسکور کرنے کے ریکارڈ جمی گریوز کے پاس ہے جنہوں نے 366 گول اسکور کیے تھے۔

Read Comments