لیاری میں دستی بم حملہ، 5 سالہ بچی ہلاک
کراچی: شہر قائد کے علاقے لیاری میں ایک دستی بم حملے میں 5 سالہ بچی ہلاک جب کہ دو خواتین سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے۔
نمائندہ ڈان نیوز کے مطابق لیاری میں ٹاؤن آفس کے قریب رہائشی کمپاؤنڈ پر بدھ کو نامعلوم ملزمان دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے۔ دستی بم کے پھٹنے سے ایک 5 سالہ بچی موقع پر ہی ہلاک ہوگئی۔
بم حملے کے نتیجے میں دو خواتین سمیت 3 افراد زخمی بھی ہوئے، جنھیں طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا۔
واقعہ کے بعد علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا، جب کہ پولیس کی جانب سے تفتیش کا آغاز کردیا گیا۔
گزشتہ دو روز کے دوران لیاری میں دستی بم حملوں کے واقعات میں اچانک اضافہ ہوگیا ہے، جس سے علاقے میں کشیدگی بڑھ گئی ہے۔
یاد رہے کہ 18 اپریل کو بھی کراچی کے گنجان آباد علاقے بولٹن مارکیٹ سے ملحقہ عالم کلاتھ مارکیٹ میں دستی بم حملہ ہوا تھا، جس کے نتیجے میں 3 افراد زخمی ہوگئے تھے۔