Dawn News Television

شائع 22 اپريل 2015 10:29pm

پاکستان کرکٹ کے اس حال کا ذمہ دار ناقص سسٹم، عمران خان

کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے پاکستان کی بنگلہ دیش کے ہاتھوں شکست کی وجہ ملک میں موجود ناقص ڈومیسٹک سسٹم کو قرار دے دیا۔

پاکستانی ٹیم کو بدھ کے روز بنگلہ دیش کے ہاتھوں وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا۔

پاکستانی ٹیم نے پوری سیریز میں کھیل کے تینوں شعبوں میں انتہائی ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور بنگلہ دیش باآسانی وائٹ واش مکمل کرنے میں کامیاب رہا۔

شکست کے ساتھ پاکستانی ٹیم آئی سی سی رینکنگ میں آٹھویں نمبر پر آچکی ہے جو کہ پاکستان کرکٹ کی تاریخ کی بدترین رینکنگ ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان کو بنگلہ دیش کے ہاتھوں شرمناک وائٹ واش

ایک انٹرویو میں عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ سوچ بھی نہیں سکتے تھے کہ پاکستانی ٹیم کو اس طرح شکست ہوگی۔

انہوں نے آسٹریلوی ٹیم کے سسٹم کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہاں صرف چھ ٹیمیں ہوتی ہیں اور ہمارے پاس 20 ہیں، ایسی صورت حال میں بہتر ٹیلنٹ کیسے سامنے آئے گا۔

سابق کپتان کا کہنا تھا کہ جب تک پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) میں سفارش کی بنیاد پر بھرتیاں ہوتی رہیں گی، پاکستان کرکٹ کا یہی حال رہے گا۔

کپتان اظہر علی کے بارے میں انہوں نے کہا کہ نئے کپتان سے فوری طور پر امید نہیں کی جاسکتی کہ وہ ٹیم کو فوراً اٹھادے گا۔

Read Comments