Dawn News Television

شائع 27 اپريل 2015 02:44pm

وزیر اعظم کرکٹ کی تباہی کی ذمے داری قبول کریں، عمران

پاکستان کرکٹ ٹیم کےسابق کپتان عمران خان نے ملک میں کرکٹ کی تباہی کا ذمہ دار وزیر اعظم نواز شریف کو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم یہ ذمے داری قبول کریں۔

قومی ٹیم کے سابق کپتان نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ میں 80 اور 90 کی دہائی سے کہہ رہا ہوں کہ پاکستان ڈومیسٹک کرکٹ کا ڈھانچہ انتہائی خراب ہے اور اس میں تبدیلی کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ پستیوں میں پہنچ چکی ہے اور پی سی بی کے سربراہ شہریار خان اور سابق آئی سی سی سربراہ احسان مانی بھی اس بات کی نشاندہی کر چکے ہیں کہ پاکستان کے ڈومیسٹک کرکٹ کے ڈھانچے میں تبدیلیوں کی ضرورت ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز پی سی بی چیئرمین شہریار خان نے اسلام آباد میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستانی کرکٹ کی ناکامی کی سب سے بڑی وجہ آرگنائزیشن، کوچنگ اور فٹنس کے نظام میں خرابی ہے، ہمارا پورا سسٹم ہی خراب ہے اور شکست کی وجہ بھی یہی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ الیکشن میں دھاندلی کرنے والے صحافی نجم سیٹھی کو پی سی بی کی سربراہی سونپ دی گئی حالانکہ انہیں کرکٹ کا کوئی تجربہ نہیں تھا۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیر اعظم نواز شریف کرکٹ کی تباہی کی ذمے داری قبول کریں۔

واضح رہے کہ عمران نے بنگلہ دیش کے پاتھوں پاکستان کی لگاتار بدترین شکستوں پر کہا تھا کہ میں سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ پاکستان ٹیم کو اس طرح شکست ہو گی۔

پاکستانی ٹیم کو بنگلہ دیش کے ہاتھوں ایک روزہ میچوں کی سیریز میں وائٹ واش کا سامنا کرنے کے ساتھ ساتھ ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھی شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔

پاکستانی ٹیم نے پوری سیریز میں کھیل کے تینوں شعبوں میں انتہائی ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور بنگلہ دیش نے چاروں میچوں میں باآسانی کامیابی حاصل کی۔

شکست کے ساتھ پاکستانی ٹیم ایک روزہ ٹیموں کی آئی سی سی رینکنگ میں آٹھویں نمبر پر آچکی ہے جو کہ پاکستان کرکٹ کی تاریخ کی بدترین رینکنگ ہے۔

Read Comments