Dawn News Television

شائع 02 مئ 2015 07:38am

ٹی ٹی پی کا قیامت تک بائیکاٹ کیا جائے: مولانا صوفی محمد

پشاور: کالعدم تحریک نفاذ شریعت محمدی (ٹی این ایس ایم) کے سربراہ مولانا صوفی محمد جو ان دنوں قید ہیں، کا کہنا ہے کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے سربراہ ملا فضل اللہ اور اس کے حواریوں کے اعمال اسلامی احکامات کے خلاف ہیں۔

ڈان کو حاصل ہونے والے مولانا صوفی محمد کے وصیت نامے کی کاپی کے مطابق مولانا صوفی محمد کا کہنا ہے کہ ٹی ٹی پی کے جنگجو مسلم اور مؤمن کی ان شرائط پر پورا نہیں اُترتے جو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک مسلم اور مؤمن کے مقرر فرمائی ہیں۔

یاد رہے کہ صوفی محمد کو سیکیورٹی فورسز نے 2009 میں پشاور سے گرفتار کیا تھا جس وقت مالا کنڈ میں فوجی آپریشن اپنے آخری مراحل میں تھا۔

مولانا کی گرفتاری اور اب تک کی قید کے دوران یہ ان کی پہلی تحریری وصیت ہے جو سامنے آئی ہے۔

ان کی مذکورہ وصیت کمپیوٹرائزڈ پرنٹ کی صورت میں دسمبر میں لکھی گئی تھی جو اردو اور پشتوں دونوں زبانوں میں موجود ہے اور اس پر ان کے دستخط بھی ہیں۔

مولانا کی مذکورہ وصیت 16 دسمبر کو آرمی پبلک اسکول پر ہونے والے حملے کے چار روز بعد لکھی گئی تھی، جس میں بچوں سمیت 150 لوگ ہلاک ہوئے تھے۔

مولانا نے وصیت میں اپنے داماد ملا فضل اللہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور تحریک نفاذ شریعت محمدیہ کے سینکڑوں رہنماؤں کے قتل اور ان کے مدارس کی بندش کا ذمہ دار بھی ٹھہرایا ہے۔

وصیت میں مولانا نے ٹی این ایس ایم کی جانب سے 2006ء میں جاری کیے جانے والے ان کے 34 صفات پر مشتمل ایک پمفلٹ کا ذکر بھی کیا ہے، جس میں ان کی تنظیم نے ٹی ٹی پی سوات کے بائیکاٹ اعلان کیا تھا۔

انہوں نے اپنی وصیت میں ایک بار بھر ٹی ٹی پی کے بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اسلام کو جس قدر نقصان اس تنظیم نے پہنچایا ہے وہ غیرمسلموں نے نہیں پہنچایا ہے۔

وصیت کے مطابق ٹی ٹی پی کے لوگ انسانیت کی خصوصیات سے بھی محروم ہیں۔ مولانا نے وصیت میں اپنی اس خواہش کا ایک بار پھر اظہار کیا ہے کہ ٹی ٹی پی کا قیامت تک بائیکاٹ جاری رکھا جائے۔

مولانا صوفی محمد کو 2009 میں ان پر لگائے جانے والے مختلف الزامات کی وجہ گرفتار کیا گیا تھا، ان پر ایک الزام یہ بھی ہے کہ انہوں نے سوات میں دوران تقریر کہا تھا کہ پاکستان میں نافذ عدالتی نظام اور جمہوریت اسلامی احکامات کے خلاف ہیں۔

Read Comments