پاکستان

پی کے 95 ضمنی انتخاب: جماعت اسلامی کامیاب

جماعت اسلامی کے امیدوار اعزاز الملک نے انیس ہزار آٹھ سو بارہ ووٹ لیکر کامیابی حاصل کی۔

پشاور: خیبرپختونخوا اسمبلی کے حلقہ پی کے 95 لوئر دیر میں جماعت اسلامی نے کامیابی حاصل کرلی ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق دیر میں صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی کے 95 پر ضمنی انتخابات میں حلقے میں جماعت اسلامی اور اے این پی کے امیدواروں کے درمیان سخت مقابلہ ہوا۔

دونوں پارٹیوں کے کارکنوں نے انتخابات میں بھرپور حصہ لیا اور اپنے امیدواروں کو سپورٹ دی۔

غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق جماعت اسلامی کے امیدوار اعزاز الملک نے انیس ہزار آٹھ سو بارہ ووٹ لیکر کامیابی حاصل کی۔

تنائج کے مطابق ان کے مدمقابل عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار بہادر خان پندرہ ہزار نو سو چون ووٹ حاصل کر سکے ۔ انتخابات میں ٹرن آئوٹ چھبیس فیصد رہا۔

حلقے میں انتخابات کے لیے پچاسی پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے تھے،پولنگ صبح آٹھ بجے سے شام پانچ بجے تک جاری رہی۔

حلقے میں 127096 رجسٹرڈ ووٹرز تھے جن میں 53 ہزار خواتین بھی شامل تھیں تاہم خواتین کا ٹرن آؤٹ کم رہا۔

اس سے قبل یہ رپورٹ بھی آئی تھی کہ قبائلی جرگے نے خزانہ پولنگ اسٹیشن پر خواتین کو ووٹنگ سے روک دیا جہاں 1000 خواتین رجسٹرڈ تھیں۔

خیال رہے کہ یہ نشسٹ جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کے سینیٹر منتخب ہونے کے بعد سے خالی تھی۔