Dawn News Television

شائع 14 مئ 2015 12:44pm

دہشت گردی میں 'را' ملوث ہے، سیکریٹری خارجہ

اسلام آباد: سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں را ملوث ہے، را کا معاملہ کئی بار باضابطہ طور پر ہندوستان کے ساتھ اٹھایا ہے۔

اسلام آباد میں سیمینار کے بعد میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں سیکریٹری خارجہ کا کہنا تھا کہ داعش پاکستان کی سلامتی کے لیے بھی خطرہ ہےداعش کےخطرے سے نمٹنے کے لیے سیکیورٹی ادارے کام کر رہے ہیں، کراچی کے واقعے میں داعش کو براہ راست ملوث کرنا قبل ازوقت ہوگا، کراچی میں دہشت گردی کے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

سیمینار سے خطاب میں سیکریٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری نے کہا کہ پاکستان گزشتہ 15 سال سے دہشت گردوں کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے۔

کراچی میں اسماعیلی برادری کی بس پر ہونے والے حملے پر ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے خلاف جنگ ابھی تک ختم نہیں ہوئی، ابھی دہشت گردوں کے کچھ گروہ باقی ہیں،یہ گروہ پاکستان کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کر رہے ہیں،انہی کارروائیوں میں سے ایک گزشتہ روز کا کراچی کا واقعہ بھی شامل ہے،اسطرح کی کارروائی کچھ عرصہ قبل پشاور میں کی گئی۔

اعزاز احمد چوہدری نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی ریاست ہے، پاکستان نے اپنی ایٹمی توانائی پرامن مقاصد کے لیے استعمال کی ہے،پاکستان ایٹمی عدم پھیلاو کے اصولوں پر کاربند ہے۔

Read Comments