Dawn News Television

اپ ڈیٹ 22 مئ 2015 03:46am

ملتان: ضمنی انتخابات کے غیر سرکاری نتائج، ن لیگ دوبارہ کامیاب

ملتان: پنجاب کے حلقہ پی پی 196 میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق ن لیگ کے اُمیدوار رانا محمود الحسن نے کامیابی حاصل کرلی ہے۔

یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے دو شناختی رکھنے پر حکمران جماعت کے رکن صوبائی اسمبلی اور وزیر عبدالوحید آرائیں کو عمربھر کے لئے نااہل قرار دے دیا تھا، جس کے بعد مذکورہ نشست پر ضمنی انتخابات کروائے گئے ہیں۔

ملتان کے حلقہ پی پی 196 کے غیرسرکاری اور غیرحتمی نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کے امیدوار رانا محمود الحسن 30278 ووٹ حاصل کرکے کامیاب قرار پائے ہیں۔

حلقہ پی پی 196 کے 133 پولنگ اسٹیشنوں کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق رانا محمود الحسن کے مد مقابل پاکستان تحریک انصاف کے اُمیدوار رانا عبدالجبار نے 19321 ووٹ حاصل کئے ہیں جبکہ پیپلز پارٹی کے محمد حسین آرائیں 7334 ووٹ حاصل کر کے تیسرے نمبر پر رہے۔

ملتان کے ضمنی انتخابات میں مجموعی طور پر 14 اُمیدوار مد مقابل تھے، جن میں سے 10 اُمیدوار آزاد حیثیت میں انتخابات میں شریک تھے۔

الیکشن کمیشن کے عہدیدار کے مطابق حلقہ پی پی 196 میں رجسٹرڈ ووٹوں کی تعداد 176315 ہے، جس میں 96121 مرد جبکہ 80194 خواتین ووٹر شامل ہیں۔

ای سی پی کے مطابق ضمنی انتخابات کے دوران حلقے میں ووٹر ٹرن آوٹ 33 فیصد رہا ہے۔

پی ٹی آئی نے شکست قبول کرلی

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ان کی پارٹی نے ملتان کے حلقہ پی پی 196 میں ہونے والے انتخابات میں اپنی شکست کو دل سے تسلیم کرلیا ہے۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رہنما نے کہا کہ وہ اکثریت کی رائے کو تسلیم کرتے ہیں تاہم انھوں نے ضمنی انتخاب کے دوران قوائد وضوابط کی خلاف ورزی کرنے کے الزمات کی سختی سے تردید کی ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ضمنی انتخابات پر امن ماحول میں ہوئے ہیں تاہم ساتھ ہی ساتھ یہ الزام بھی لگایا کہ جیتنے والے اُمیدوار نے حکومتی مشینری کا استعمال کیا ہے۔

Read Comments