Dawn News Television

اپ ڈیٹ 02 جون 2015 11:02am

سراج الحق کا مودی کی گرفتاری پر انعام کا اعلان

راولا کوٹ: جماعت اسلامی کے امیرسراج الحق نے ہندوستانی وزیراعظم نریندرا مودی کی گرفتاری پر 1 ارب روپے انعام کا اعلان کردیا۔

پیر کو پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کے علاقے راولا کوٹ میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ ہندوستان انعام کے اعلان کے باوجود ابھی تک حزب المجاہدین کے رہنما سید صلاح الدین کو گرفتار کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکا۔

سراج الحق نے ہندوستانی وزیراعظم نریندرا مودی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ "آپ اور آپ کے ایجنٹس صلاح الدین کو گرفتار نہیں کرسکتے، آپ نے کہا کہ جو اُن کو (صلاح الدین) کو گرفتار کرے گا اسے 50 کروڑ روپے انعام دیا جائے گا، میں بھی کہتا ہوں کہ جو مودی کو گرفتار کرے گا، ہم اسے 1 ارب روپے انعام دیں گے"۔

انھوں نے پاکستانی حکمرانوں کی جانب سے ہندوستان کو "فیورٹ نیشن" (پسندیدہ قوم ) قرار دینے کو "شرم کا مقام" قرار دیا۔

جماعت اسلامی کے امیر کا مزید کہنا تھا کہ "جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہو جاتا، اُس وقت تک ہندوستان سے دوستی کی بات کرنے والا پاکستان اور کشمیریوں کا غدار کہلائے گا"۔

سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ "اگر آپ ہندوستان سے دوستی کرنا چاہتے ہیں تو ہندوستان، دہلی اور ممبئی چلے جائیں،آپ کے لیے اسلام آباد میں کوئی جگہ نہیں ہے"۔

امیر جماعت اسلامی نے ہندوستانی وزیراعظم نریندرا مودی کو آزاد جموں و کشمیر اور گجرات میں سینکڑوں شہریوں کے قتل کا ذمہ دار ٹہراتے ہوئے کہا کہ پاکستانی حکمرانوں نے جموں و کشمیر میں ہندوستان کے مبینہ مظالم پر اپنی آنکھیں بند کررکھی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہندوستان کے ساتھ ہمارے تعلقات کشمیر کی آزادی سے مشروط ہیں۔

Read Comments