Dawn News Television

شائع 02 جون 2015 12:41pm

بلے کا قتل: پولیس سے دو ہفتے میں جواب طلب

لاہور: پالتو بلے کے قتل کا مقدمہ درج کرنے کے لیے لاہور ہائیکورٹ نے دائر درخواست پر پولیس سے دو ہفتے تک جواب مانگ لیا۔

مسٹر جسٹس جیمز جوزف کی عدالت میں سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل عبد الرشید قریشی نے بتایا کہ کسی بے زبان جانور کی جان لینا بھی قتل کے مترادف ہے۔

یہ بھی پڑھیں : لاہور ہائی کورٹ کی 150سالہ تاریخ میں انوکھا کیس

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ یہ جرم کوئی ڈاکٹر کرے تو صورتحال زیادہ سنگین ہوجاتی ہے۔

انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ ویٹرننری ڈاکٹر اویس انیس کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرکے کارروائی کا آغاز کیا جائے تاکہ بے زبانوں پر ظلم کرنے والوں کو سزا مل سکے۔

عدالت نے وکیل کے دلائل سننے کے بعد نواب ٹاؤن پولیس کو 17 جون تک رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کرتے طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کردی۔

خیال رہے کہ پنجاب یونیورسٹی کی اسسٹنٹ پروفیسر عطیہ مسعود نے پالتو بلے کے قتل کا مقدمہ درج کرنے کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔

Read Comments