پاکستان

اپر دیر: جماعت اسلامی دوبارہ پولنگ کوچیلنج کرے گی

الیکشن کمیشن نے پی کے -95 کے ضمنی الیکشن میں خواتین ووٹرز کی غیر موجودگی پر دوبارہ پولنگ کرانے کا فیصلہ کیا تھا۔

پشاور: جماعت اسلامی نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے پی کے-95 اپر دیر میں دوبارہ پولنگ کے فیصلے کو عدالت میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

کمیشن نے تیس مئی کو ہونے والے ضمنی الیکشن میں خواتین ووٹرز کی غیر موجودگی پر نتائج مسترد کرتے ہوئے دوبارہ الیکشن کرانے کا فیصلہ کیا تھا۔

جماعت اسلامی کے صوبائی امیر پروفیسر محمد ابراہیم نے دوبارہ پولنگ کا فیصلہ مسترد کرتے ہوئے بتایا پارٹی نے طے کیا ہے کہ عدالت سے رجوع کیا جائے۔

’ہمارا کامیاب امیدوار اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپیل دائر کرے گا‘۔

خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ جماعت اسلامی کے امید وار اعزاز الملک نے پی کے-95 میں 18711 وٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔