Dawn News Television

اپ ڈیٹ 05 جون 2015 10:20am

یونائیٹڈ بلوچ آرمی کے اہم کمانڈر نے ہتھیار ڈال دیئے

کوئٹہ: کالعدم تنظیم یونائیٹڈ بلوچ آرمی (یو بی اے) کے ایک رہنما نے اپنے 50 ساتھیوں سمیت رضاکارانہ طور پر ہتھیار ڈال دیئے ہیں۔

جمعرات کو صوبائی وزیرِآب پاشی نواب جانگیز خان مری کی رہائش گاہ پر ایک پریس کانفرنس کے دوران کالعم تنظیم یو بی اے کے 'کمانڈر' ولی محمد عرف حاجی قلاتی نے ہتھیار ڈالنے کا اعلان کیا۔

ولی محمد عرف حاجی قلاتی کوہلو، بارکھان اور کاہان ریجن کے 'کمانڈر' تصور کیے جاتے تھے۔

قلاتی نے دعویٰ کیا کہ وہ 1970 سے بلوچستان کی آزادی کے لیے لڑتے رہے ہیں جبکہ انھوں نے 45 سال پہاڑوں میں روپوشی کی زندگی گزاری ہے۔

اس موقع پر قلاتی کا کہنا تھا "مجھے احساس ہوگیا ہے کہ یہ لڑائی قبائلی رہنماؤں نے صرف اپنے ذاتی مفاد کے لیے شروع کی تھی"، ان کا مزید کہنا تھا کہ کالعدم تنظیموں کے رہنماؤں کی اندرونی خانہ جنگیوں اور لڑائی نے انھیں اس نتیجے پر پہنچنے میں مدد فراہم کی ہے۔

جانگیز خان مری نے اس موقع پر مری قبیلے کے افراد کو کہا کہ وہ ہتھیاروں کو الوداع کہہ کر مرکزی دھارے میں شامل ہوجائیں اور ملک و صوبے کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔

Read Comments