پاکستان

طوفان کا ممکنہ خطرہ، سمندر میں نہانے پر پابندی

کمشنرکراچی کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر شہریوں کی حفاظت کے لیے دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے۔

کراچی: سندھ کے دارالحکومت کراچی کے ساحل سے سمندری طوفان کے ٹکرانے کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر شہریوں کو سمندر میں نہانے سے روکنے کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق کراچی پولیس کی جانب سے ساحل سمندر پر جانے والے تمام شہریوں کو روکا جارہا ہے۔

ادھر کمشنر کراچی شعیب صدیقی کا کہنا ہے کہ شہریوں پر ساحلِ سمندر پر جانے کی پابندی نہیں ہے، تاہم ممکنہ سمندری طوفان کے پیش نظر شہریوں کی حفاظت کے لیے پابندی صرف سمندر میں نہانے پر لگائی گئی ہے۔

سمندری طوفان کے حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ طوفان کراچی کے جنوب میں 1575 کلومیٹر دور ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان کی نوعیت کا صحیح اندازہ آئندہ 24 گھنٹے میں لگایا جاسکے گا۔

ادارے نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ ممکنہ طوفان کے باعث سمندرکی لہریں اونچی ہیں اس لیے احتیاط کی جائے۔