Dawn News Television

اپ ڈیٹ 15 جون 2015 12:33pm

جے ایف 17 تھنڈر طیارے ’پیرس ایئر شو‘ میں شریک

کراچی: پاکستانی جے ایف 17 تھنڈر طیارے کی فرانس میں منعقد ہونے والے 51 ویں 'پیرس ایئر شو' میں شرکت کے لیے تیاریاں مکمل ہوگئی ہیں۔

ریڈیو پاکستان کی ایک رپورٹ کے مطابق جے ایف 17 کے پائلٹس نے ایئر شو میں شرکت سے پہلے ہر قسم کی ٹریننگ اور ڈرل مکمل کرلی ہے۔

پاکستان اور چین کی مشترکہ کوششوں سے تیار کیا گیا جے ایف 17 تھنڈر طیارہ اس سے قبل برطانیہ، چین، ترکی اور دبئی سمیت دنیا بھر کے کئی ایئر شوز میں اپنی صلاحیتیں دکھا چکا ہے۔

مزید پڑھیں: جے ایف 17 تھنڈر پیرس ایئر شو میں شرکت کیلئے روانہ

گذشتہ ہفتے پاکستان کے 3 جے ایف 17 تھنڈر طیاروں کے ساتھ پاک فضائیہ کے پائلٹس اور تکنیکی معاونین پر مشتمل دستہ پیرس ایئر شو میں شرکت کے لیے پاکستان سے روانہ کیا گیا تھا۔

پیرس ایئر شو کا آغاز آج یعنی پیر سے ہوگا جو 21 جون تک جاری رہے گا۔

جے ایف - 17 تھنڈر ایک کثیر کردار طیارہ ہے جسے چین کی ایوی ایشن انڈسٹری کے تعاون سے پاک فضائیہ کی ضروریات پوری کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔

Read Comments