پاکستان

'فوج مخالف بیان پر وزیراعظم نے زرداری سے ملاقات منسوخ کی'

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کل کی تقریر کے بعد نواز شریف کی آصف زرداری سے ملاقات منسوخ کرنا ضروری تھا۔

اسلام آباد : وفاقی حکومت نے تصدیق کی ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری سے وزیراعظم میاں نواز شریف کی ملاقات پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین کے گزشتہ روز فوج کے خلاف شدید تنقیدی خطاب کے باعث منسوخ کی گئی ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کل کی تقریر کے بعد نواز شریف کی آصف زرداری سے ملاقات منسوخ کرنا ضروری تھا۔

انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری سینئر سیاستدان ہیں اور وہ ان کا احترام کرتے ہیں مگر میڈیا کے ذریعے حساس معاملات پر گفتگو مناسب نہیں۔

مزید پڑھیں:زرداری کی سیاسی حریفوں اور اسٹیبلشمنٹ پر شدید تنقید

انہوں نے مزید کہا کہ فوج کراچی کے حالات میں بہتری کے لیے قربانیاں دے رہی ہے جب کہ نواز شریف سب کے وزیراعظم اور تمام اداروں کے سربراہ ہیں لہذا اس صورتحال کے تناظر میں آصف زرداری سے ملاقات موخر کرنا ہی مناسب تھا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ دہشت گردی کےخلاف جنگ کی صورتحال میں ایسا بیان مناسب نہیں تھا، آصف زرداری کو اپنی تقریر میں الفاظ کا چناؤ احتیاط سے کرنا چاہئے تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ سابق صدر آصف علی زرداری ایسے بیانات کی نزاکتوں سے آگاہ ہیں، دہشت گردی کےخلاف آپریشن ضرب عضب کا کردار بھلایا نہیں جا سکے گا جب کہ فوج کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنا ہم سب کا فرض ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ قومی سلامتی کے ادارے قابل تکریم ہیں۔

پرویز رشید نے بتایا کہ سندھ میں گورنر راج لگانے کیلئے کوئی تجویز زیر غور نہیں، گورنر راج لگانے کے لیے پارلیمنٹ سے منظوری لینا پڑتی ہے۔